’نَیّوں لگدا دل، تو سنو نیّوں لگدا دل‘، سلمان خان کی نئی فلم کا گیت ریلیز
’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ عیدالفطر کے موقع پر ریلیز ہو گی (فوٹو: انڈین ایکسپریس)
بالی وڈ اداکار سلمان خان کے مداح ان کی آنے والی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کے منتظر تو ہیں ہی تاہم اداکار نے ’نیّوں لگدا دل‘ ریلیز کر کے ان کے لیے انتظار مزید مشکل بنا دیا ہے۔
یہ اس گانے کے بول ہیں جو اسی فلم کا حصہ ہے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ گانا بگ باس 16 میں پیش کیا گیا تھا۔
اس میں سلمان خان اور پوجا ہیگڑے کی زبردست پرفارمنس کے علاوہ حسین نظارے بھی دکھائی دیتے ہیں۔
اس گانے کو شائقین کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے۔
اس گیت کو ہمیش ریشمیا نے کمپوز کیا ہے اور شاعری شبیر احمد کی ہے جبکہ اس کو گایا کمال خان اور پلک مچل نے ہے۔
اس گانے کو سلمان خان نے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’نیوں لگدا دل، تو سنو نیوں لگدا دل۔‘
یہ پوسٹ سامنے آنے کی دیر تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی اور مداح اس پر محبت بھرے تبصرے کرتے ہوئے دل کے ایموجیز ڈال رہے ہیں۔
’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ عیدالفطر کے موقع پر ریلیز ہو گی۔ اس کی کاسٹ میں وینکاتش، راگھو جویل، سدھارتھ نگم اور جگاپتھی بابو بھی شامل ہیں
اس کے ہدایت کار فرہاد سمجی ہیں اور فلم میں شہناز گل اور پلک تیواری اپنے بالی وڈ کیریئر کی شروعات بھی کر رہے ہیں۔
کچھ روز پیشتر سلمان خان نے اعلان کیا تھا کہ ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی شوٹنگ مکمل ہو گئی ہے۔
انہوں نے فلم کے لیے بنائے گئے گیٹ اپ میں اپنی تصویر بھی شیئر کی تھی۔
اس فلم کا ٹیزر پچھلے مہینے ریلیز کر دیا گیا تھا۔ اس کے ایک کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سلمان خان پہلے بڑے بالوں اور داڑھی میں دکھائی دیتے ہیں جبکہ کچھ مناظر میں کلین شیو بھی نظر آتے ہیں۔
اس فلم کے بعد سلمان خان ’ٹائیگر3‘ میں دکھائی دیں گے جس میں ان کے ساتھ کترینہ کیف ہیں۔
شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ میں مہمان اداکار کے طور پر نظر آنے کے بعد سلمان خان کے مداح اب ان کو ایک بھرپور کردار میں دیکھنے کے لیے پُرجوش ہیں۔