سعودی عرب تیزی سے خطے کا اہم تفریحی مرکز بنتا جا رہا ہے: ترکی آل شیخ
چار برسوں کے دوران 120 ملین سے زیادہ افراد کی میزبانی کی ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل شیخ نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب تیزی سے خطے میں ایک اہم تفریحی مرکز بنتا جا رہا ہے۔‘
عرب نیوز کے مطابق ترکی آل شیخ نے کہا کہ ’مملکت نے گزشتہ چار برسوں کے دوران مختلف تقریبات میں 120 ملین سے زیادہ افراد کی میزبانی کی ہے۔‘
ترکی الشیخ نے تسلیم کیا کہ اس اہم شعبے کے لیے ولی عہد محمد بن سلمان کی حمایت کے نتیجے میں جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کو گنیز ورلڈ ریکارڈ کے متعدد سرٹیفکیٹ ملے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اتھارٹی نے مملکت کے تفریحی شعبے میں روزگار کے نمایاں مواقع کی راہ ہموار کی ہے۔‘
سعودی پریس ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے 2019 میں لائسنسنگ کے نئے نظام کے آغاز کے بعد سے مختلف تفریحی سرگرمیوں کے لیے 11 ہزار136 لائسنس جاری کیے ہیں۔
سعودی عرب کا نیا آن لائن سسٹم تفریحی لائسنس کے لیے درخواست دینے کے عمل کو آسان بنانے کے لیے بنایا گیا تھا۔
جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیف آپریشنز آفیسر سلطان الفقیر نے آن لائن سسٹم کے لانچ کے وقت کہا تھا کہ ’لائسنس کی اس حد کی پیشکش کا مقصد تفریحی شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو ایک اہم اور امید افزا شعبہ ہے۔‘
اجازت نامے ان کوششوں کا حصہ ہیں جو مملکت تفریحی شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے اور وژن 2030 کے مقاصد کے حصول میں مدد کے لیے معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے کر رہی ہے۔
جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل شیخ نے کہا کہ ’اتھارٹی نے اس عرصے کے دوران دنیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا بین الاقوامی قرآن اور اذان مقابلہ کا دوسرا ایڈیشن بھی منعقد کیا۔‘
اس ایونٹ میں دنیا کے 165 ممالک سے 50 ہزار سے زیادہ افراد نے مقابلے میں حصہ لینے کے لیے رجسٹریشن کرائی جب اس سال جنوری میں رجسٹریشن کا آغاز ہوا تھا۔
جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے مجموعی طور پر 12 ملین ریال کے انعامات فراہم کیے ہیں جو عالمی سطح پر اس طرح کے مقابلے کے لیے سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔
ترکی آل شیخ نے مزید بتایا کہ ’ریستوران اور کیفے میں تقریبات، تفریحی شوز اور لائیو شوز کی مجموعی سرگرمیاں 2019 سے 2023 کی پہلی سہ ماہی تک تقریباً آٹھ ہزار 732 تھیں۔‘
سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ ’مملکت کے 42 شہروں اور گورنریٹس میں 470 تفریحی مقامات کو لائسنس دیا گیا ہے جب کہ 50 شہروں اور گورنریٹس میں ایک ہزار 402 ریستورانوں کو لائسنس دیا گیا ہے۔‘
اس کے علاوہ تفریحی اور معاون سرگرمیوں سے متعلق تقریباً تین ہزار 738 اداروں کو لائسنس جاری کیے گئے، 350 تھیٹر پرفارمنس کے ساتھ 82 ڈرامے منعقد کیے گئے اور چھ ہزار 610 سے زیادہ باصلاحیت اداکاروں کو تقریبات میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی۔