فرانسیسی کمپنیاں سیاحت اور تفریحات کے شعبے میں سرمایہ کاری کےلیے پرعزم
فرانسیسی کمپنیاں سیاحت اور تفریحات کے شعبے میں سرمایہ کاری کےلیے پرعزم
پیر 30 مئی 2022 20:18
سعودی ایوانہائے صنعت و تجارت کونسل فرانسیسی وفد کی میزبانی کررہی ہے( فائل فوٹو ایس پی اے)
فرانس کی بڑی کمپنیوں نے سعودی عرب میں سیاحت اور تفریحات کے شعبے میں سرمایہ کاری کا عزم ظاہرکیا ہے۔
الاقتصادیہ کے مطابق فرانسیسی کمپنیوں نے سعودی منڈی میں دلچسپی کا اظہار پیر کو سعودی فرانسیسی بزنس کونسل کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر کیا ہے۔
سعودی ایوانہائے صنعت و تجارت کونسل تفریحات کے شعبے میں فرانس کی کمپنیوں اور اہم سرمایہ کاروں کے وفد کی میزبانی کررہی ہے۔
فرانسیسی وفد کے سربراہ نے کہا کہ سعودی عرب نے ریکارڈ وقت میں تفریحات کی صنعت کی ترقی سے پوری دنیا کو حیرت زدہ کردیا۔
فرانسیسی وفد کے سربراہ نے سعودی وژن 2030 کے تناظر میں مملکت میں تفریحات کے شعبے میں ہونے والی ترقی کو توجہ طلب بتایا۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بڑے منصوبے نافذ کیے جارہے ہیں، اس پر پوری دنیا حیرت زدہ ہے۔ تفریحات کا شعبہ فرانس کی بڑی کمپنیوں کو مواقع فراہم کررہا ہے۔
سعودی فرانسیسی بزنس کونسل کے اجلاس کے دوران مملکت میں تفریحات کے شعبے کا تعارف کراتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ برسوں کے دوران کون سے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ فرانسیسی وفد کا یہ دورہ سعودی وژن 2030 کے مطابق ہے جس کا مقصد تفریحی شعبے کی شراکت کو 2030 تک مجموعی گھریلو پیداوار میں 4.2 فیصد تک بڑھانا اور چار لاکھ 50 ہزارملازمتیں فراہم کرنا ہے۔
مملکت نے سیاحت کے شعبے میں اب تک 14 فیصد کی شرح نمو حاصل کی ہے اور تفریحی شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کی تعداد دگنی ہو کر 1000 سے زیادہ ہو گئی ہے۔