بدعنوانی کے الزام میں نو وزارتوں کے 142 اہلکار زیر حراست
بدعنوانی کی رپورٹوں پر 1631 تفتیشی کارروائیاں کی گئی ہیں (فائل فوٹو: عکاظ)
سعودی کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن(نزاھۃ) نے سعودی عرب کی 9 وزارتوں اور زکوۃ، ٹیکس و کسٹم اتھارٹی کے 142 اہلکاروں کو بدعنوانی کے الزامات میں حراست میں لیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ’ مملکت بھر میں سرکاری اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور بدعنوانی کی رپورٹوں پر 1631 تفتیشی کارروائیاں کی گئی ہیں‘۔
کارروائیوں کے دوران251 اہلکاروں سے پوچھ گچھ کی گئی۔ ان میں داخلہ، دفاع، نیشنل گارڈز، خارجہ، بلدیاتی و دیہی و آباد کاری امور، صحت، تعلیم، افرادی قوت و سماجی بہبود، اسلامی امور و دعوت و رہنمائی کی وزارتوں اور زکوۃ، ٹیکس و کسٹم اتھارٹی کے اہلکار شامل ہیں۔
نزاھۃ کا کہنا ہے کہ’ فوجداری نظام کے مطابق 142افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں سے بعض کو ضمانت پر چھوڑ دیا گیا‘۔
’گرفتار شدگان پر رشوت، اثر ونفوذ کے ناجائز استعمال، منی لانڈرنگ اور جعلسازی کے الزامات ہیں۔ زیر حراست افراد کے حوالے سے قانونی کارروائی مکمل ہونے پر عدالت کے حوالے کیا جائے گا‘۔