Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مختلف وزارتوں کے 159 اہلکار بدعنوانی اور دیگر الزامات میں گرفتار

ایک ماہ کے دوران 241 افراد سے  پوچھ گچھ کی گئی تھی (فائل فوٹو عکاظ)
سعودی کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن (نزاھۃ) نے چھ وزارتوں اور ٹیکس، زکوۃ و کسٹم اتھارٹی کے 159 اہلکاروں کو رشوت ستانی، اثرونفوذ کے ناجائز استعمال، منی لانڈرنگ اور جعلسازی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن نے منگل کو بیان میں کہا کہ ’گزشتہ ایک ماہ کے دوران 241 افراد سے بدعنوانی کے شبے میں پوچھ گچھ کی گئی تھی‘۔
’پوچھ گچھ کے بعد 159 کو حراست میں لیا گیا ان پر رشوت ستانی، اثر و نفوذ کے ناجائز استعمال، منی لانڈرنگ اور جعلسازی کے الزامات ہیں‘۔ 
نزاھۃ نے بیان میں کہا کہ’ تفتیشی انسپکٹرز نے وزارتوں، سرکاری اداروں اور محکموں میں دوہزار  194 تفتیشی کارروائیاں کی ہیں‘۔
ان کا تعلق داخلہ، دفاع، انصاف، بلدیات و دیہی و آباد کاری امور، صحت وتعلیم کی وزارتوں نیز زکوۃ، ٹیکس و کسٹم اتھارٹی سے تھا۔
نزاھۃ نے الزامات کے ثبوت ملنے پر 159 سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو گرفتار کرلیا جبکہ بعض کو ضمانت پر رہا کردیا گیا‘۔  
کمیشن کا کہنا ہے کہ ’159 کو عدالت  کے حوالے کرنے کے لیے قانونی کارروائی کی جارہی ہے‘۔
نزاھۃ نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی کہ ’وہ سرکاری خزانے کی حفاظت میں تعاون کریں۔ اگر انہیں کسی اہلکار پر مالی یا انتظامی بدعنوانی کا شبہ ہو تو ٹول فری یا نزاھۃ کی ویب سائٹ ‪ کے ذریعے مطلع کیا جائے‘۔ 

شیئر: