Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے: سعودی سفیر

سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ ’ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں‘ (فائل فوٹو: سعودی سفارت خانہ)
پاکستان کی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ’پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ منصوبوں کے ذریعے فلم سازی اور نشریات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔‘
 وہ منگل کو اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے کے زیراہتمام ڈاکیومینٹری مقابلہ جیتنے والوں کو انعامات دینے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
اس مقابلے میں پاکستان بھر سے ڈاکیومینٹری بنانے والے 114 نوجوان فلم سازوں نے حصہ لیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’سعودی سفارت خانے اور پاکستان کی وزارت اطلاعات کی مشترکہ سربراہی میں سپریم کوارڈینیشن کونسل قائم کی گئی ہے۔‘
’سپریم کوارڈینیشن کونسل کی ایک کمیٹی دونوں ممالک کے سماجی اور ثقافتی منصوبوں کی نگرانی کرتی ہے۔‘
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والوں کو مبارک باد دی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’اس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور انہیں مستقبل میں اپنے منصوبوں پر عمل درآمد کرنے میں مدد ملے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب، پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔‘
سعودی سفیر نے مزید کہا کہ ’پاکستان سعودی عرب کے لیے اہم ترین اسلامی ممالک میں سے ایک ہے، اور مملکت 1947 سے لے کر اب تک ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔‘

ڈاکیومینٹری کے مقابلے میں 114 فلم سازوں نے حصہ لیا جن میں سے 10 کو کامیاب قرار دیا گیا (فائل فوٹو: عرب نیوز)

سعودی پریس اتاشی ڈاکٹر نایف العتیبی نے بتایا کہ ’سعودی سفارت خانے کو دونوں ممالک کے تعلقات پر 114 ڈاکیومینٹریز موصول ہوئیں اور ان میں سے زیادہ تر اچھے معیار کی تھیں۔‘
ان کے مطابق ’اس مقابلے میں 10 فلم سازوں کو کامیاب قرار دیا گیا، پہلے نمبر پر آنے والی ڈاکیومینٹری کو دو ہزار، جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ڈاکیومینٹری کو بالترتیب 1500 اور ایک ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی گئی۔‘
’مقابلے کے دیگر شرکا کو دو ہزار سعودی ریال کے علاوہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب کے مفت ویزے کی سہولت دی گئی ہے۔‘

شیئر: