Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہر حال میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے: سعودی سفیر

پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب ماضی میں بھی پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور مستقبل میں بھی ہر حال میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔‘
سعودی عرب کے یوم تاسیس کے سلسلے میں سعودی ثقافتی مرکز اسلام آباد میں منگل کے روز ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، وفاقی وزیر برائے پیشہ وارانہ تعلیم رانا تنویر حسین، چیئرمین ایچ ای سی اور سعودی وزارت تعلیم اور ثقافتی مرکز کے حکام نے شرکت کی۔  
اس موقع پر اپنے خطاب میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ ’یوم تاسیس ہمیں اپنے عظیم ملک کے عظیم ماضی کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ سعودی قیادت اور عوام کے درمیان باہمی تعلق اور اتحاد کو دہرانے کے عزم کا دن ہے۔‘  
انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب اسلامی دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات رکھتا ہے اور پاکستان کو ایک اہم اسلامی، دوست اور برادر ملک سمجھتا ہے۔‘
’سعودی عرب قیام پاکستان سے اب تک ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، سفارتی، تجارتی، دفاع، ثقافتی اور مذہبی تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ گہرے ہوئے ہیں جن پر ہمیں فخر ہے۔‘
سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب ہر حال میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پرخلوص محبت، اسلامی اخوت اور احترام پر مبنی ہیں۔‘  
انہوں نے کہا کہ ’ویژن 2030 کے تحت سعودی عرب ترقی کے نئے دور میں داخل ہوا ہے جس کے اثرات نہ صرف سعودی عرب بلکہ دوست ممالک بھی محسوس کریں گے۔‘  
اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ گہرے تعلقات رکھتا ہے۔ تمام پاکستانی بھی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔‘

رانا تنویر حسین نے بتایا کہ ’سعودی عرب کی جانب سے سالانہ 600 پاکستانی طلبہ کو وظائف دیے جاتے ہیں‘ (فائل فوٹو: اردو نیوز)

’پاکستانی سعودی عرب کے ساتھ اپنے مذہبی عقائد کی بنیاد پر گہری عقیدت رکھتے ہیں۔ اسی وجہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب اور وہاں کے عوام کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔‘  
ان کا کہنا تھا ’ہم سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبہ جات بالخصوص تعلیم کے شعبے میں وسیع تعلقات رکھتے ہیں۔ چند ماہ قبل میں نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔
’اس دورے کا مقصد سعودی عرب کے ساتھ تعلیم کے شعبے میں باہمی تعاون میں مزید وسعت لانا تھا۔ سعودی وزیر تعلیم نے ہماری تمام تجاویز اور مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کیا۔‘  
انہوں نے کہا کہ ’دورے کے دوران ہم نے ایک منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا جو پاکستان میں سِکل یونیورسٹی کے قیام یا پہلے سے موجود یونیورسٹی کی اپ گریڈیشن سے متعلق تھا۔‘
’اس کی پیش کش سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے دوران کی تھی۔ اس حوالے سے تجویز سعودی سفارت خانے کو بھجوا دی گئی ہے۔‘  

سعودی یوم تاسیس کے سلسلے میں کیک کاٹا گیا اور معزز مہمانوں نے سعودی روایتی رقص بھی کیا (فائل فوٹو: اردو نیوز)

وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے بتایا کہ ’سعودی عرب کی جانب سے سالانہ 600 پاکستانی طلبہ کو وظائف دیے جاتے ہیں۔‘
اس موقع پر سعودی یوم تاسیس کے سلسلے میں کیک بھی کاٹا گیا اور معزز مہمانوں نے سعودی روایتی رقص بھی کیا۔  
سعودی ثقافتی مرکز نے سعودی ثقافت اور مقامی کھانوں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا۔ مہمانوں نے سٹالز کا دوریہ کیا اور سعودی ثقافت کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔   

شیئر: