مولانا حیدری پر حملے حق سے نہیں ہٹاسکتے، گل نصیب
اعزاز میں منعقدہ تقریب سے امیر جمعیت علمائے اسلام خیبر پختونخوا کا اظہار عزم
طائف ( ابو علی بڈانی) جمعیت علمائے اسلام خیبر پختونخوا کے امیر سابق سینیٹر مولانا گل نصیب خان کے اعزاز میں جمعیت علماءاسلام طائف نے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ صدارت قائم مقام امیر مولانا غلام رسول مینگل نے کی۔ مہمانِ خصوصی مولانا گل نصیب خان نے سانحہ مستونگ میں مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پروحشیانہ اور بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے وحشیانہ حملوں سے اہل حق کو ان کے موقف سے ہٹایا نہیں جاسکتا ۔ پاکستان دشمن قوتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان استحکام اور خوشحالی کی منازل طے کرے۔ مولانا نے کہا کہ اس موقع پر عوا م کو اتحاد و یکجہتی کو زیادہ فروغ دیں۔ مولانا نے کہاکہ پاکستان دشمن قوتوں کی یہ خواہش ہے کہ پاکستان و چین کے مابین عدمِ اعتماد اور شک کی فضا جنم لے اور وہ پاکستان کے اندر بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری سے باز آجائے۔ مولا نا نے کہا کہ پوری مسلم دنیا کے دل سعودی عرب کےساتھ دھڑکتے ہیں۔ اگرحرمین شریفین یا سعودی عرب کو کوئی خطرہ لاحق ہوتا ہے تو پاکستانی قوم اپنا سب کچھ قربان کردے گی۔ تقریب میں قاری گل محمد، مولانا بدر منیر، مفتی عرفان اللہ خان، مولانا احسان اللہ خان، سردار لیاقت، میڈیا کونسل کے محمد ارشد مرزا ، چوہدری سرفراز احمد اور عمران بھٹی نے بھی شرکت کی ۔ میزبانِ تقریب حافظ ذاکر جذبی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔