اب سہولت کار جائیں گے اور نواز شریف آئے گا: مریم نواز
مریم نواز نے کہا کہ ’جو کہتا تھا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے وہ آج قانون کا سب سے بڑا مفرور ہے۔‘ (فوٹو: پی ایم ایل این)
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ’اب سہولت کار جائیں گے اور نواز شریف آئے گا۔‘
بدھ کو قصور میں جلسہ عام سے خطاب میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف درج مقدمات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اب یہ نہیں ہو گا کہ سہولت کار آئیں گے اور نواز شریف جائے گا۔ اب سہولت کار جائیں گے اور نواز شریف آئے گا۔‘
عدلیہ پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ’منتخب وزیراعظم نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ لینے پر نکلا باہر کیا گیا تو اس وقت آئین پاکستان نے دروازے پر دستک کیوں نہیں دی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’چیف جسٹس کہتے ہیں کہ لیپ ٹاپ کے لیے 10 ارب روپے ہیں لیکن الیکشن کے لیے 20 ارب نہیں ہیں۔ الیکشن کے لیے 20 ارب ہیں لیکن تین بار الیکشن کرانے کے لیے 60 ارب روپے نہیں ہیں۔ یہ گڈی گڈے کا کھیل نہیں ہے۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’الیکشن ضرور ہو گا لیکن الیکشن سے پہلے اس سلیکشن کا فیصلہ ہو گا۔ پہلے سوال یہ ہے کہ پنجاب کی اسمبلی کیوں توڑی گئی۔ 25 ارکان کو عمران خان کی جھولی میں پھینکا گیا۔‘
’جو کہتا تھا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے وہ آج قانون کا سب سے بڑا مفرور ہے۔ جب عدالتوں نے بلایا کبھی پلاسٹر دکھا دیا کبھی کہا میری ٹانگ ٹوٹی ہوئی ہے۔ کبھی کہتا ہے میری جان کو خطرہ ہے۔‘
’اس کے اپنے بچے لندن میں محفوظ ہیں اور اس نے لوگوں کے بچوں کو مار کھانے کے لیے چھوڑا ہوا ہے۔ اس کی تقریر ایک ہارے ہوئے شخص کی تقریر تھی۔ کہتا ہے میرے اوپر کانٹا لگ گیا ہے۔ ہاں تمہیں قوم دوبارہ اقتدار میں نہیں آنے دے گی۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’یہ وہ شخص ہے جس نے اپنے آپ کو تو ڈبویا ہے لیکن اس نے اپنے سہولت کاروں کو بھی ڈبویا ہے۔‘