Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا میں پیدا ہونے والے بچھڑے کی کمر پر سمائلی بن گئی

بچھڑے جس کی کمر پر ہنسنے والی سمائلی بننے کے بعد اب اسے لوگ ’ہیپی‘ کہہ رہے ہیں (فوٹو: روئٹرز)
آسٹریلیا میں ایک ایسا عجیب و غریب بچھڑا پیدا ہوا ہے جس کی کمر پر ہنسنے والی ’سمائلی‘ بنی ہوئی ہے۔
یہ ننھا بچھڑا ہالینڈ کی گائے ہولسٹین فریزین کی نسل ہے جس کی کمر پر ہنسنے والی سمائلی بننے کے بعد اب اسے لوگ ’ہیپی‘ کہہ رہے ہیں۔
اے بی سی نیوز کے مطابق ’ہیپی‘ ویسٹ جپس لینڈ کے علاقے رپل بروک میں واقع ایک فارم میں پیدا ہوا ہے۔ اس فارم کے مالک میگن اور بیری کوسٹر ہیں جو ہر سال 700 کے قریب بچھڑوں کو پالتے ہیں۔
میگن کوسٹر کہتی ہیں کہ ’ہم نے اس سے پہلے بچھڑوں کی پیشانی پر سات لکھا ہوا یا تارے بنے ہوئے یا عجیب قسم کے نشانات بھی دیکھے ہیں لیکن ہنسنے والی سمائلی کبھی نہیں دیکھی۔‘
جب ہیپی پیدا ہوا تو بیری کوسٹر نے دیکھا کہ اس کے جسم پر مختلف قسم کے نشانات موجود ہیں تاہم وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ بھچڑے کی کمر پر ایسا چہرہ بنا ہوا ہے جو مسکرا رہا ہے۔
انہوں نے اس کی تصویر لے کر اپنی اہلیہ کو بھیج دی جس پر مسز کوسٹر نے بتایا کہ ’مجھے پہلے تو یقین نہیں آیا۔ میں نے پہلے تو تصویر کو زُوم کیا کہ کہیں ہمارے کسی ملازم نے تو اس پر کہیں نشان نہیں لگا دیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ اب بیلوں کے پاس جا کر رہے گا اور تھوڑا پالتو بنے گا۔ ہمارے کچھ ملازم اسے پالنے کے خواہش مند ہیں۔‘
لارڈنر پارک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کریگ ڈیبنام کہتے ہیں کہ ’ہیپی کا کافی حوصلہ ہے اور وہ بہت چست اور سیانا بچھڑا ہے۔‘
’وہ بہت اچھی طرح سے چارا کھا رہا ہے اور لگتا ہے وہ لارڈنر پارک میں باڑے میں رہ کر بہت خوش ہوگا۔‘
’رواں ویک اینڈ پر 40 سے 50 ہزار افراد اسے دیکھنے آئیں گے، امید ہے ہیپی سب کے چہرے پر مسکراہٹ لائے گا۔‘

شیئر: