آسٹریلوی سرفر کا 40 گھنٹے پانی میں سرفنگ کر کے نیا ورلڈ ریکارڈ
بلیک جانسٹن نے ذہنی امراض کے علاج کے لیے ایک لاکھ 33 ہزار ڈالر اکھٹے کیے (فوٹو: گیٹی امیجز)
آسٹریلوی سرفر نے 40 گھنٹے پانی میں سرفنگ کر کے نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جعمے کے روز آسٹریلیا کے بلیک جانسٹن نے جیلی فِش کے جُھنڈوں سے لڑ کر سینکڑوں لہروں کو مات دیتے ہوئے 40 گھنٹوں تک سرفنگ کر کے ورلڈ ریکارڈ بنا دیا۔
40 سالہ سابق پروفیشنل سرفر بلیک جانسٹن نے جنوبی افریقہ کے سرفر جوش انسلین کا 30 گھنٹے اور 11 منٹ سرفنگ کرنے کا ریکارڈ توڑا۔
انہوں نے شارک مچھلیوں کے خطرات سمیت خوفناک سمندر میں 700 لہروں پر سرفنگ کی۔
اس ورلڈ ریکارڈ کے ذریعے انہوں نے ذہنی امراض کے علاج کے لیے ایک لاکھ 33 ہزار ڈالر اکھٹے کیے۔
جنوبی افریقی سرفر کے 30 گھنٹوں کا ریکارڈ توڑنے کے بعد انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے ابھی مزید سرفنگ کرنی ہے۔ میں 40 گھنٹے پورے کروں گا۔ میں کافی تھکا ہوا ہوں لیکن میں یہ پورا کرنے کی کوشش کروں گا۔‘
اس طرح جانسٹن نے 40 گھنٹوں تک سرفنگ کی۔ انہوں نے جمعرات کی رات ایک بجے سرفنگ کرنا شروع کی۔
ریکارڈ کے قوانین کے تحت کے انہیں سمندر سے واپس آنے کی اجازت تھی تاکہ وہ کھانا کھا سکیں، اپنی آنکھوں میں دوائی ڈال سکیں اور اپنے جسم پر سن سکرین لگا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ طبی عملہ اس پورے ریکارڈ کے دوران ان کے دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر چیک کرتا رہا۔
جانسٹن اس سے قبل ایک ہزار کلو میٹر دوڑ کر ذہنی امراض کے لیے پیسے اکٹھا کرنا چاہتے تھے تاہم انہوں نے بعد میں 30 گھنٹے کی سرفنگ کا ریکارڈ توڑنا چاہا۔
وہ کہتے ہیں کہ ’میں نے سوچا میں یہ کر سکتا ہوں۔ میں نے اپنے آپ کو اس ایڈوینچر کے لیے تیار کیا اور یہ ثابت کیا کہ میں اس قابل ہوں کہ میں مشکل وقت میں ثابت قدم رہ سکتا ہوں اور میں نے یہی سبق سیکھا ہے۔‘
خیال رہے بلیک جانسٹن نے 2020 میں ننگے پاؤں سڈنی کے جنوب میں واقع ساحلی پٹی پر 100 کلو میٹر دوڑ بھی لگائی تھی۔