جدہ کے ریلوے سٹیشن میں فی گھنٹہ پارکنگ فیس کتنی؟
پہلے پانچ گھنٹوں ک ےلیے ایک ریال فی گھنٹہ فیس مقرر کی گئی ہے۔ (فوٹو، ٹوئٹر)
حرمین ایکسپریس ٹرین انتظامیہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران جدہ کے السلیمانیہ سٹیشن کی پارکنگ فیس میں خصوصی رعایت کی گئی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے فی گھنٹہ ایک ریال فیس رکھی گئی ہے۔
انتظامیہ نے توجہ دلائی کہ عمرے کے لیے مکہ جانے والوں کو شہر کے باہر گاڑی پارک کرنے کی صورت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ جدہ کے السلیمانیہ سٹیشن میں گاڑیاں پارک کرنے سے ان کا سفر تیزی سے مکمل ہو جائے گا۔
انتظامیہ نے توجہ دلائی کہ جو لوگ السلیمانیہ ریلوے سٹیشن کی پارکنگ میں گاڑیاں کھڑی کریں گے ان سے ابتدائی پانچ گھنٹوں کی فیس فی گھنٹہ ایک ریال وصول کی جائے گی۔ اس سے قبل ایک گھنٹے کی فیس دس ریال تھی۔
یاد رہے کہ عمرہ زائرین کی آسانی کے لیے جدہ سے مکہ اور وہاں سے جدہ کے لیے روزانہ 84 ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔ رمضان کے آخری عشرے میں ٹرینوں کی تعداد 84 سے بڑھا کر سو سے زیادہ کر دی جائے گی۔