Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان مرکز کی بنگلہ دیش اور دیگر ممالک میں امدادی سرگرمیاں

بنگلہ دیش میں بارہ ٹن فوڈ باسکٹس تقسیم کی گئی ہیں( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی  بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے بنگلہ دیش کے علاقے صدر پور اور باکندی میں بارہ ٹن فوڈ باسکٹس تقسیم کی ہیں جن سے تین ہزار افراد اور 500 خاندانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔
شاہ سلمان مرکز نے امدادی منصوبے 2023 کے حصے کے طور پر خوراک کی امداد کی تقسیم کو جاری رکھا ہے۔
نائیجریا میں انتہائی ضرورت مند خاندانوں میں 14 ٹن 136 کلو گرام فوڈ باسکٹس تقسیم کی گئی ہیں۔ جس سے ایک ہزار 440 افراد کو فائدہ پہنچا۔
جمہوریہ نائیجر کے دارلحکومت نیامی میں انتہائی ضرورت مند خاندانوں میاں 32 ٹن 482 کلو گرام فوڈ باسکٹس تقسیم کی گئی ہیں جن سے 545 خاندان مستفید ہوئے۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز شام کے زلزلہ زدہ علاقوں حلب اور ادلب میں بھی امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
مرکز نے زلزلہ زدگان کے کیمپوں میں 830 فوڈ باسکٹس اور اشیائے ضرورت تقسیم کی ہیں۔
یاد رہے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 87 ممالک میں مختلف قسم کے  دو ہزار 208  امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 6  بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام 341 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 229 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔

شیئر: