Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ رہا نہیں گیا‘، مریم نواز اور عمران خان کی سوشل میڈیا پر افطار سیاست

مریم نواز اور عمران خان کی افطار ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان میں رمضان کے مہینے میں افطار پارٹیوں کی روایت تو پرانی ہے لیکن اب کی بار نمایاں سیاست دان بھی افطار کے اوقات کی اپنی سرگرمیاں سوشل میڈیا پر پوسٹ کر رہے ہیں۔ 
دو دن قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زمان پارک لاہور سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی جس میں وہ اپنے گھر کے باہر کارکنوں کے خیمے میں بیٹھے دکھائی دیے۔ 
یہ روزہ افطار کرنے کا وقت تھا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کارکن کافی بے تکلف ماحول میں عمران خان سے بات چیت کر رہے ہیں۔ ایسے میں عمران خان کھجور اٹھا کر آواز لگاتے ہیں ’افطاری کرو افطاری‘۔ 
اسی روز زمان پارک سے ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں عمران خان افطار سے قبل کارکنوں کے کیمپ میں بیٹھے دکھائی دیتے ہیں۔ اس دوران ایک چھوٹی بچی ان کے ساتھ کچھ بات چیت کرتی ہے اور وہ اس کا جواب دیتے ہیں۔ 
ان ویڈیوز کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ 
عمران خان کی ’افطاری کرو افطاری‘ والی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک ٹوئٹر صارف عمیر قریشی نے لکھا ’قربان قربان قربان ایسے لیڈر پر۔ خان صاحب آخر کتنی بار عشق کرواؤ گے خود سے۔‘ 
عبدالواسع نام کے ایک ٹویپ نے طنز کرتے ہوئے لکھا ’شکر ہے ادھر بلٹ پروف والے نہیں کھڑے کیے ہوئے اور سر پر ٹوکری نہیں پہنچی ہوئی۔‘ 

ایلین مسک نامی ٹویپ نے لکھا کہ ’کوئی ویڈیو کے اس حصے کو کروپ کرے جس میں عمران خان ’روزہ کھولو روزہ‘ کہہ رہے ہیں، یہ میمز کے لیے استعمال ہو سکتا ہے۔‘ 

فراز منیر نے لکھا کہ ’خان صاحب تو پیر ہی بن گئے ہیں۔‘ 

دوسری جانب کچھ صارفین عمران خان کی سکیورٹی کے بارے میں بھی فکر مند نظر آئے۔  
ثمینہ پاشا نے لکھا کہ ’عمران خان کا افطاری پر کارکنان سے ملنا اچھا ہے لیکن سکیورٹی معاملات بھی دیکھنے چاہییں، کارکن کے روپ میں کوئی حملہ آور ہی گھات لگا کے نہ بیٹھ جائے۔‘ 

عمران خان کی کارکنوں کے ساتھ افطاری کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد مسلم لیگ نواز کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز بھی پیچھے نہیں رہیں۔ 
اس کے اگلے روز مریم نواز راولپنڈی میں وکلاء کنونشن سے خطاب کے بعد شام کو وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور ان کی والدہ طاہرہ اورنگزیب کے ساتھ افطاری کی تیاری کرتی نظر آئیں۔ 
مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ اور فیس بک پیج پر ایک ویڈیو پوسٹ کی اور اس کے ساتھ لکھا ’افطار کی تیاریاں، فروٹ چاٹ کے بغیر بھلا کیا افطار ہو سکتا ہے۔ ہم صرف سیاست نہیں کرتے۔‘ 
ویڈیو میں مریم اورنگزیب فروٹ چاٹ میں مسالہ ڈالتی نظر آتی ہیں جبکہ مریم نواز مسلسل چمچ ہلا رہی ہیں اور مریم اورنگزیب کو کم مسالہ ڈالنے کا کہہ رہی ہیں۔ 
مریم نواز کی ویڈیو پر بھی کٹھے میٹھے تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔ 
الزبا شکیل نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ رجیم چینج کے بعد پھلوں میں قیمتوں میں راکٹ کی رفتار سے ہوئے اضافے سے آپ باخبر ہیں۔‘ 
تحریم اقبال نے ویڈیو پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اور میرے بہن بھائی زیادہ نمک مرچ ڈال کر اس ڈش کو خراب کر رہے ہیں جو ہماری امی نے ہماری مرضی کے خلاف بنائی۔‘ 

 
ایک صارف شیر خان نے مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ’کیا خوبصورت کلپ ہے۔ یہ وہ مشرقی اقدار ہیں جن کی ہمیں ضرورت ہے۔ مریم کی طرح کے حقیقی لیڈر ہی اس کلچر کو فروغ دے سکتے ہیں۔‘ 

طارق متین نے مریم نواز کی ویڈیو کو عمران خان کی نقل قرار دیا اور لکھا ’کاپی کیٹ: عمران خان کارکنوں کے درمیان آ کر بیٹھنا شروع تو چاٹ میں چمچ ہلانا شروع۔ یہ اپنی پی آر کمپنی بدلیں۔‘ 

ارمینا نے مریم نواز کی ٹویٹ پر لکھا ’پیاری یہ اچھا نہیں ہے سیاست ایک طرف۔ آپ اپنے کھانے کی نمائش کر رہی ہیں جبکہ آپ کے ملک میں ہزاروں لوگ مر رہے ہیں۔‘ 

لون سٹگلرز نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا ’تین لوگ ایسے وقت میں فروٹ چاٹ بنانے میں مصروف ہیں جب پورا ملک مہنگائی کہ وجہ سے پھلوں کے بائیکاٹ پر ہے۔‘ 

شاہ زیب بخاری نے لکھا ’یار حد ہے۔ عمران خان خان کی افطاریوں کی ویڈیوز وائرل ہوئیں تو مریم نواز سے رہا نہیں گیا۔‘ 

مریم نواز اور عمران خان کی افطار ویڈیوز پر تبصروں کا سلسلہ جاری ہے جہاں کوئی سرا رہا ہے تو کوئی تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔

شیئر: