پاکستانی سوشل میڈیا خصوصاً ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں سرخ رنگ کا مائیک پکڑے ایک یوٹیوبر کو تلخ کلامی کے بعد ایک بزرگ شخص تھپڑ مارتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
وائرل ہونے والی ویڈیو کسی میڈیکل سٹور کے باہر بنائی گئی ہے اور اس میں بزرگ شہری یوٹیوبر سے کہہ رہے ہیں کہ ’آرام سے بات کریں‘ جس کے جواب میں یوٹیوبر انہیں کہتا ہے کہ ’آرام سے کیا بات کروں۔‘
بزرگ شخص نے یوٹیوبر سے کہا کہ ’آپ مجھ سے چھوٹے ہیں‘ اور اس کے جواب میں یوٹیوبر نے کہا کہ ’میں چھوٹے ہونے کا لحاظ کر رہا ہوں۔‘
مزید پڑھیں
ویڈیو میں یوٹیوبر تلخ کلامی کے دوران بزرگ کو کہتا ہے کہ ’میرے لوگو کو ہاتھ نہ لگائیں۔‘
ویڈیو میں نظر آنے والے بزرگ شہری بار بار ہاتھ میں پکڑی ہوئی ایک پرچی دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن جب یوٹیوبر نے ان سے پوچھا کہ ’کیا آپ غنڈے ہیں؟‘ تو بزرگ غصے میں آگئے اور یوٹیوبر کو دو تھپڑ مار دیے۔
یہ ویڈیو پاکستان کے صوبے پنجاب کے کسی شہر کی ہے اور یوٹیوبر کے ہاتھ میں جو مائیک ہے اس پر ’وائس نیوز‘ لکھا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ ویڈیو سب سے پہلے ٹک ٹاک پر طارق بھٹی نامی شخص کی جانب سے پوسٹ کی گئی تھی۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین یوٹیوبر پر تنقید کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ہاتھ میں مائیک پکڑے شخص کو بزرگ کے ساتھ تمیز سے پیش آنا چاہیے تھا۔
عائشہ طور نامی صارف کو یہ ویڈیو دیکھ کر روڈ شو کرنے والے معروف پاکستانی میزبان اقرار الحسن یاد آگئے۔ انہوں نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ ’اقرار الحسن بننے کی ناکام کوشش۔‘
اقرار الحسن بننے کی ناکام کوشش
— Ayesha Toor (@aqtoor78) March 30, 2023
وسیم عباسی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’صحافی ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ ہم بدمعاشی کریں۔ تمیز اور شائستگی سے بھی بات کی جا سکتی ہے۔‘
ویسے یہ جائز بنتی تھی۔۔ صحافی ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ ہم بدمعاشی کریں۔۔
تمیز اور شائستگی سے بھی بات کی جا سکتی ہے۔۔— Waseem Abbasi (@Wabbasi007) March 30, 2023