Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارمز پر فحاشی بند ہونی چاہیے: سلمان خان

او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر کئی بڑے اداکاروں نے اپنا ڈیبیو کیا ہے لیکن سلمان خان کا مکمل ڈیجیٹل ڈیبیو ابھی تک رہتا ہے۔
بالی وُڈ کے سپرسٹار سلمان خان کا ماننا ہے کہ آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارمز پر نشر ہونے والے مواد میں گالم گلوچ اور فحاشی کو بند ہونا چاہیے۔
سلمان خان نے اس پر بھی زور دیا کہ فلم میکرز حدود عبور نہ کریں جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی سینسرشپ ہونی چاہیے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اوور دی ٹاپ یعنی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر کئی بڑے اداکاروں نے اپنا ڈیبیو کیا ہے لیکن سلمان خان کا مکمل ڈیجیٹل ڈیبیو ابھی تک رہتا ہے۔
او ٹی ٹی مواد کے بارے میں بات کرتے ہوئے سلمان خان نے ایک تقریب میں کہا کہ ’میں یہ ضرور سمجھتا ہوں کہ اس میڈیم پر سینسرشپ ہونی چاہیے۔  اس پر گالم گلوچ اور فحاشی کو ختم ہونا چاہیے۔ 15، 16 سال کے بچے یہ سب دیکھ سکتے ہیں۔ کیا آپ چاہیں گے آپ کی بیٹی بھی یہ سب دیکھے؟
انہوں نے مزید کہا کہ ’میرے خیال سے او ٹی ٹی پر آنے والے مواد کو چیک کرنا چاہیے۔ مواد جتنا صاف ہوگا اتنا بہتر ہو گا اور اسے زیادہ لوگ دیکھیں گے۔‘
او ٹی ٹی پر کام کرنے والے اداکاروں کے بارے میں بالی وُڈ کے ’بھائی‘ کہتے ہیں کہ ’آپ نے پیار محبت، بوس و کنار اور عریاں سین سب کر لیے۔ جب آپ اپنے گھر واپس آتے ہو تو آپ کے گھر کا چوکیدار بھی وہ سب مواد دیکھتا ہے۔ میرے خیال سے یہ سب ٹھیک نہیں ہے۔‘
ہمیں یہ سب نہیں کرنا چاہیے۔ انڈیا میں رہتے ہیں، تھوڑا بہت ٹھیک ہے لیکن درمیان میں زیادہ ہ وگیا تھا، اب جا کر تھوڑا قابو میں آیا۔ اب لوگوں نے اچھا اور معیاری مواد بنانے پر کام شروع کر دیا ہے۔‘
سلمان خان کی آخری مرتبہ ریلیز ہونے والی فلم ’رادھے، یور موسٹ وانٹڈ بھائی‘ تھی جو کہ 2021 میں کورونا کی وبا کے باعث سنیما گھروں اور آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم زی فائیو پر ایک ساتھ ریلیز ہوئی تھی۔
لیکن زی فائیو پر اسے پے پر ویو فارمیٹ یعنی سنیما کی طرح پیسے دے کر شو دیکھنے کی طرز پر ریلیز کیا گیا تھا۔
دوسری جانب سلمان خان کی نئی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ بھی عید الفطر پر ریلیز ہونے کو تیار ہے۔
کسی کا بھائی کسی کی جان 21 اپریل کو انڈیا سمیت دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔
فلموں کے ڈیٹا کی ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی کے مطابق اس فلم کی کہانی فیملی کے بڑے بھائی کے گرد گھومتی ہے جو شادی نہیں کرنا چاہتا جس کے بعد اس کے بقیہ بہن بھائی مل کر اس کے لیے رشتہ ڈھونڈتے ہیں۔
فرہاد سمجی کی ہدایتکاری میں بننے والی ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ میں سلمان خان کے ساتھ پوجا ہیگڑے ہیروئن کا کردار نبھا رہی ہیں جبکہ اس فلم کے ایک گانے میں جنوبی انڈیا کے سپرسٹار رام چرن بھی نظر آئیں گے۔

شیئر: