Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ٹائیگر بمقابلہ پٹھان،‘ اگلی فلم میں شاہ رخ خان اور سلمان خان آمنے سامنے؟

فلم کی شوٹنگ جنوری 2024 میں شروع ہوگی۔ (فوٹو: سکرین شاٹ/یوٹیوب)
یش راج فلمز کے بینر تلے بنائی جانے والی ایک فلم میں بالی وڈ کے دو مشہور جاسوس ’ٹائیگر‘ اور ’پٹھان‘ ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
امریکی جریدے ’ورائٹی‘ کے مطابق انہیں یش راج سٹوڈیوز کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ شاہ رخ خان اور سلمان خان ’ٹائیگر بمقابلہ پٹھان‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ فلم کی شوٹنگ جنوری 2024 میں شروع ہوگی۔
یش راج فلمز کی جانب سے باضابطہ طور پر یہ فلم بنائے جانے کی تصدیق نہیں کی ہے۔
شاہ رخ خان، دیپیکا پاڈوکون اور جان ابراہم کی فلم ’پٹھان‘ انڈیا میں اب تک اس سال کی سب سے بڑی فلم ہے جو 130 ملین ڈالرز سے زائد کما چکی ہے۔
سلمان خان اور کترینہ کیف کی مشہور زمانہ فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ 2012 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس کا دوسرا حصہ ’ٹائیگر زندہ ہے‘ 2017 میں سنیما گھروں کی زینت بنی تھی۔
سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر 3‘ رواں سال نومبر میں دیوالی کے تہوار پر ریلیز ہو گی۔
فلم ’ٹائیگر‘ میں سلمان خان نے انڈین انٹیلیجنس ایجنسی را کے ایجنٹ اویناش سنگھ راٹھور کا کردار ادا کیا تھا جبکہ کترینہ کیف کو فلم میں پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی کا ایجنٹ دکھایا گیا تھا۔
دوسری جانب رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’پٹھان‘ میں شاہ رخ خان نے جلا وطن انڈین ایجنٹ کا کردار نبھایا تھا جبکہ دیپیکا پاڈوکون پاکستانی ایجنٹ روبینہ محسن کے کردار میں نظر آئیں تھیں۔
’پٹھان‘ میں سلمان خان کو بھی دکھایا گیا تھا اور فلم کے آخر میں سلمان خان اور شاہ رخ خان کو کہتے ہوئے سنا گیا تھا کہ ان کو اپنا کام جاری رکھنا ہوگا کیونکہ ’قوم کا مستقبل بچوں پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔‘

شیئر: