رمضان المبارک کا تیسرا جمعہ، حرمین میں انتظامات مکمل
زائرین کی سہولت کےلیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
حرمین شریفین انتظامیہ نے رمضان المبارک کے تیسرے جمعے کی آمد پر مسجد الحرام میں غیرمعمولی انتظامات کردیے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کل رمضان المبارک کا تیسراجمعہ ہے۔ اس موقع پر مملکت کے تمام علاقوں سے مقامی شہری، مقیم غیرملکی اور دنیا بھر سے آنے والے زائرین لاکھوں کی تعداد میں حرم شریف میں ہوں گے۔
توقع کی جارہی ہے کہ کل صبح سویرے ہی سے زائرین نمازجمعہ کے لیے حرم شریف پہنچنے لگیں گے۔انکی سہولت کے لیے خارجی و داخلی صحنوں، دروازوں، راہداریوں، چھتوں، تہہ خانوں اور آس پاس کے راستوں پر خاص انتظامات کردیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے تیسرے جمعے کے موقع پر زائرین کی کثیر تعداد میں آمد کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام افرادی قوت اور مشینی وسائل کا بھرپور اہتمام کیا گیا ہے۔ 12 ہزار اہلکار 30 لاکھ زائرین کی خدمت کے لیے چوکس اور مستحد ہوں گے۔
دوسری جانب مسجد الحرام آپریشن سینٹر زائرین کی سلامتی اور امن و امان کے انتظامات بڑے پیمانے پر کیے ہوئے ہے۔ حرم شریف کی تمام منزلوں، دالانوں، صحنوں، چھتوں اور دروازوں کی نگرانی کے لیے سی سی کیمرے نصب کیے ہوئے ہے ان کے ذریعے سے حرم شریف کے ایک، ایک حصے میں ہونے والی نقل و حرکت پر نظر رکھی جارہی ہے۔
مسجد الحرام آپریشنل سینٹر سمارٹ سسٹم وٹیکنالوجی سے آراستہ ہے۔ نہایت حساس کیمرے مسجد الحرام کے ایک، ایک حصے میں ہونے والی سرگرمیوں کو ریکارڈ کرتے ہیں۔