مکہ میں فری شٹل بس سروس عمرہ زائرین میں مقبول
جمعرات 6 اپریل 2023 22:02
مسجد عائشہ سے مسجد الحرام کے لیے مفت بس سروس فراہم کی گئی(فوٹو، ٹوئٹر)
مکہ مکرمہ میں مسجد التنعیم سے مسجد الحرام ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والی فری شٹل بس سروس عمرہ زائرین میں مقبول ہورہی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ’حافلات مکہ‘ نے اس سال پہلی بار عمرہ زائرین کو مقدس شہر میں مفت بس سروس فراہم کی ہے۔
مفت شٹل بس سروس کی وجہ سے شہر میں ہونے والے ازدحام میں کافی کمی ہوئی ہے۔ اس حوالے سے مفت بس سروس کے سٹینڈز کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ جو زائرین مکہ مکرمہ پہنچنے کے بعد ایک سے زیادہ بارعمرہ کرنا چاہتے ہیں انہیں مسجد التنعیم یا مسجد عائشہ سے احرام باندھنے کے لیے جانا ہوتا ہے۔
زیادہ تر زائرین مسجد التنعیم کا رخ کرتے ہیں۔ انہیں آنے جانے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مفت بس سروس کا بندوبست کیا گیا ہے۔