عمرہ زائرین کی گاڑیوں کے لیے مکہ کے اطراف پارکنگ لاٹس
مکہ میں عمرہ زائرین کی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہے (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے کہا ہے کہ رمضان کے دوران عمرہ زائرین کی گاڑیوں کی پارکنگ کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔
میونسپلٹی نے ان دنوں مکہ میں عمرہ زائرین کی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگا رکھی ہے۔ اس کے متبادل انتظام کے طور پر پارکنگ لاٹس تیار کیے گئے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کےمطابق مکہ میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ زیتونی نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ کے اطراف پارکنگ لاٹس قائم ہیں۔ اس کا انتظام محکمہ ٹریفک کے ہاتھ میں ہے‘۔
مکہ، جدہ شاہراہ، مکہ مدینہ شاہراہ، مکہ طائف الکر شاہراہ، مکہ طائف السیل شاہراہ اور اللیث روڈ سے مقدس شہر میں داخل ہوتے وقت پارکنگ لاٹس موجود ہیں۔
عمرہ زائرین سےان پارکنگ لاٹس میں گاڑیاں پارک کروائی جارہی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام پارکنگ لاٹس مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ واش روم ہیں۔ اسی طرح عمرہ زائرین کے لیے سائبان بھی نصب ہیں۔
ہ پارکنگ لاٹس میں ایئرکنڈیشن یونٹس اور جنریٹرز کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ’ پارکنگ لاٹس کے انتظامات کے حوالےسے ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں میونسپلٹی کے علاوہ محکمہ ٹریفک، وزارت نقل و حمل کےنمائندے شامل ہیں‘۔
ترجمان کے مطابق’ میونسپلٹی نے پارکنگ لاٹس میں چیک پوسٹیں بھی قائم کررکھی ہیں‘۔