ریاض میں اقامہ اور روزگار قوانین کی خلاف ورزی، 168 غیر ملکی گرفتار
پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش اور دیگر ملکوں کے شہری شامل ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ریاض پولیس نے اقامہ اور روزگار قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 168 غیر ملکیوں کو گرفتار کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ریاض پولیس نے بیان میں کہا کہ ’اقامہ اور روزگار قوانین کی خلاف ورزی پر بنگلہ دیش کے 81، پاکستان کے 29، یمن کے 27، انڈیا کے 18،سوڈان کے 6، مصر کے 3، ایتھوپیا، سری لنکا اور یوگنڈا کے دو، دو شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے‘۔
ریاض پولیس نے کہا کہ’ گرفتاریاں جنوبی ریاض اور گاڑیوں کے سالانہ انسپیکشن کے مراکز کے اطراف عمل میں لائی گئی ہیں‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’گرفتار شدگان کو قانونی کارروائی کے بعد متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے‘۔