Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: عارف کی سارس سے جذباتی ملاقات، ’پھر ملیں گے‘

انڈیا کی ریاست اُتر پردیش کے شہر کانپور میں واقع پرندوں کی ایک پناہ گاہ میں بند سارس کی اُن کے دوست عارف سے ملاقات کروائی گئی ہے۔
منگل کو انڈین صحافی پییُش رائی نے ٹوئٹر پر عارف اور سارس کی ملاقات کی ایک ویڈیو شیئر کی اور لکھا کہ ’عارف پنجرے میں بند اپنے دوست سے ملنے کانپور برڈ سینکچوری (پرندوں کی پناہ گاہ) گئے تھے۔‘
ویڈیو میں عارف کی آمد پر سارس کو اُچھلتے کودتے دیکھا جا سکتا ہے جس سے یہ گماں ہوتا ہے کہ سارس اپنے دوست کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کر رہا ہے۔
عارف بھی ویڈیو میں سارس سے باتیں کرتے ہوئے نظر آئے اور انہوں نے پرندے سے پوچھا کہ ’کیا حال ہے؟ پہچان گئے؟‘
عارف نے پرندوں کی پناہ گاہ میں تعینات افسران سے یہ بھی پوچھا کہ کیا سارس کو پنجرے سے نکالا جاسکتا ہے؟ جس پر ایک افسر نے نفی میں جواب دیا۔
پرندوں کی پناہ گاہ سے باہر نکلتے وقت عارف نے سارس سے کہا کہ ’یہیں پر رہو آرام سے، ہم پھر آئیں گے۔‘
خیال رہے کہ گذشتہ برس فروری میں 35 سالہ محمد عارف ایک زخمی سارس اپنے ساتھ گھر لائے تھے جو ان کو اُتر پردیش کے ضلع امیٹھی کے ایک گاؤں مندھکا سے ملا تھا۔
محمد عارف نے تقریباً 13 ماہ تک سارس کی دیکھ بھال کی تاہم حال ہی میں انہیں معلوم ہوا کہ ان پر وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہو چکا ہے۔
سارس کو پہلے رائے بریلی میں پرندوں کی سماس پور پناہ گاہ میں منتقل کیا گیا اور بعد میں اس کو اس لیے کانپور کے چڑیا گھر بھیج دیا گیا کہ یہ اب قدرتی ماحول نہیں بلکہ گھریلو آرام کا عادی بن چکا تھا۔

شیئر: