Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی جانب سے ماہ رمضان میں امدادی سرگرمیاں

کنگ سلمان امدادی مرکز نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ امدادی کام کیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
رمضان کا مقدس مہینہ پوری مسلم دنیا میں اتحاد و یکجہتی کے ساتھ  ضرورت مندوں اور مساکین کی ہر طرح سے امداد کرنے کا موسم ہے۔
عرب نیوز کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے مقدس مہینے کے دوران 70 ملین ریال کے عطیہ سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مملکت ضرورتمندوں کے لیے بین الاقوامی امداد کو  بھی ترجیح دیتا ہے۔
ایسے ممالک جو معاشی بحران یا جنگی حالات کے باعث تباہ ہوئے ہیں ان کی خصوصی مدد کے لیے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان نے احسان کے نام سے تیسری قومی مہم برائے خیرات و امداد کا 10 اپریل کو آغاز کیا ہے۔
سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی کی جانب سے تیار کئے جانے والے ڈیجیٹل 'احسان' پلیٹ فارم کے ذریعے عام افراد کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئےعطیہ کرنے کو آسان بنایا گیا ہے۔
جنوری 2022 سے سمارٹ فون ایپ پر شروع کئے گئے اس پروگرام کو مختلف خیراتی اداروں کو آن لائن عطیہ دہندگان کے لیے اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی کے سربراہ اور 'احسان' کی نگراں کمیٹی کے چیئرمین عبداللہ الغامدی نے گزشتہ روز پیر کو العربیہ چینل کو بتایا ہے کہ مارچ 2021 میں احسان ایپ اپ گریڈ کرنے کے بعد سے 60 ملین سے زیادہ ٹرانزیکشنز یا اوسطاً ایک عطیہ فی سیکنڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صرف دو برسوں میں عطیہ مہم احسان کے ذریعے 4.8 ملین سے زیادہ لوگوں کی مدد سے 880 ملین ڈالر امداد جمع کی گئی ہے۔

لائبیریا میں مستحقین کے لیے چاول کے تھیلے تقسیم کیے گئے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر ملک کے سماجی تحفظ پروگرام کے تحت مقدس مہینے میں ہر ضرورتمند خاندان کے سربراہ کو ہزار ریال اور خاندان کے ہر فرد کو 500 ریال دئیے گئے ہیں۔
رمضان امداد کی کل رقم کا تخمینہ تین بلین ریال سے زیادہ ہے اور  یہ امداد 6 اپریل کو مستحقین اور ضرورتمند افراد کے کھاتوں میں جمع کرا دی گئی۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے 2015 میں قائم کئے گئے کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر مملکت میں انسانی ہمدردی اور امدادی اداروں میں سے ایک ہے جس نے کمزور لوگوں کی مدد کے لیے دنیا بھر میں سب سے زیادہ کام کیا ہے۔
کنگ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے رواں سال رمضان المبارک میں لبنان، انڈونیشیا، بنگلہ دیش، لائبیریا، البانیہ اور نائیجیریا کو 151 ٹن خوراک کی امداد  تقسیم کی گئی ہے۔
انڈونیشیا میں 600 خاندانوں کو 36 ٹن سے زائد خوراک فراہم کی گئی، بنگلہ دیش میں 500 خاندانوں میں تقریباً 12 ٹن خوراک تقسیم کی گئی اور البانیہ میں 300 افراد کو 8 ٹن فوڈ باسکٹ فراہم کی گئیں۔

ڈیجیٹل 'احسان' پلیٹ فارم کے ذریعے عطیہ کو آسان بنایا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

مملکت بھر میں 2 ہزار فوڈ پیکٹ کی تقسیم کے علاوہ نائیجیریا کی بورنو ریاست میں 56 ٹن خوراک 5,736 افراد تک پہنچائی گئی ہے۔
لائبیریا میں 88,000 سے زیادہ مستحقین میں 29,000 سے زیادہ چاول کے تھیلے تقسیم کیے گئے۔
رمضان امداد پروگرام کے تحت لبنان میں شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں، بشمول لبنان کی میزبان کمیونٹی کے پسماندہ خاندانوں کو 39 ٹن خوراک کی امداد پہنچائی گئی ہے۔
کنگ سلمان امدادی مرکز کے ساتھ ساتھ دیگر مقامی خیراتی تنظیمیں بھی مملکت کے اندر ضرورت مندوں کو خوراک اور دیگر امداد فراہم کر رہی ہیں۔
مقامی سعودی چیریٹی تنظیم انسان نے 'مقدس مہینے کے دوران ایک یتیم کو کھانا کھلائیں' کے عنوان سے یتیموں کی مدد کے لیے ایک ملین ڈالر رمضان پیکیج کا آغاز کیا،اس اقدام کا مقصد والدین سے محروم  تقریباً 10,000 افراد کی مدد کرنا ہے۔

کنگ سلمان مرکز نے کھجوریں تقسیم کرنے کے منصوبے کا افتتاح کیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

اس پروگرام کے ذریعے امداد وصول کرنے والے یتیموں کی عزت نفس اور ان کے وقار کا احترام  کرتے ہوئے انسان  کی جانب سے فوڈ باسکٹ کی قیمت تحفے کے طور پر ضرورتمندوں کے بینک اکاونٹ میں جمع کرائی جاتی ہے۔
انسان چیریٹی اپنی 21 برانچوں کے ساتھ ریاض اور گردونواح میں چالیس ہزار سے زائد یتیموں اور بیواؤں کو امداد فراہم کرتی ہے۔
چیریٹی آرگنائزیشن 'انسان' کے جنرل منیجر محمد المحارب نے  بتایا ہے کہ  بابرکت مہینے میں ہماری متعدد امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے دیگر امدادی پروگرام میں افطار اہتمام کے علاوہ خوشیاں بانٹنے اور یتیم بچوں کو معاشرے کا حصہ  بنانے کے لیے متعدد سہولیات اور تفریحی پارکوں کی سیر کرائی جاتی ہے۔

رمضان امداد پروگرام کے تحت پسماندہ خاندانوں کو خوراک کی امداد پہنچائی گئی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

خیراتی پروگرام 'انسان'کے تحت عید سے قبل فوڈ پیکٹ، عید کے تحائف اور سکول سیزن میں بیگ اور یونیفارم کے عطیات بھی شامل ہیں۔
کنگ سلمان امدادی مرکز کے سپروائزر جنرل ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے 5 مارچ کو کھجوروں کی سالانہ تقسیم کے منصوبے کا افتتاح کیا ہے جس میں 19 ہزار ٹن سے زیادہ کھجوروں کی سالانہ تقسیم شامل ہے۔
افغانستان کے لیے سعودی عرب سے بھیجی جانے والے100 ٹن عمدہ کھجوروں کی امداد افغان ہلال احمر سوسائٹی کو پڑوسی ملک پاکستان میں سعودی سفارت خانے کی جانب سے پیش کی گئی ہے۔
افغان ہلال احمر سوسائٹی کے ترجمان عرفان اللہ شرفزوئی نے بتایا ہے کہ یہ کھجوریں ان لوگوں میں تقسیم کی جائیں گی جو رمضان کے مہینے میں ان کی قیمتیں زیادہ ہونے کی وجہ سے خرید  کی سکت نہیں رکھتے۔
 

شیئر: