سعودی عرب کا پہلا امدادی قافلہ زمینی راستے سے شام پہنچ گیا
زلزلہ زدگان کےلیے شام بھیجی جانے والی امداد 11 ٹرکوں پرمشتمل ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کا پہلا امدادی قافلہ زمینی راستے سے شام پہنچ گیا۔ ٹرکوں کے ذریعے بھیجے جانے والے امداد سامان میں کمبل، خیمے، دوائیں اورروز مرہ ضرورت کی اشیا شامل ہیں۔
الاخباریہ چینل کے مطابق شام اورترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں ہزاروں خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پرامدادی مہم کے تحت شام میں بھیجی جانے والی امداد 11 ٹرکوں پرمشتمل ہے۔
امدادی قافلے میں شامل عبداللہ الرویس نے الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’ عالمی سطح پر سعودی عرب کی جانب سے شمالی شام میں بھیجے جانے والا پہلا امدادی قافلہ پہلا ہے جوشام پہنچا ہے‘۔
عبداللہ الرویس نے مزید کہا کہ امدادی سامان سعودی عرب کی جانب سے عالمی ریسکیو ایسوسی ایشن کے حوالے کیاجائے گا۔ اسے زلزلے سے متاثرہ 20 علاقوں میں تقسیم کیاجائےگا‘۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی ہدایت پر’ساھم‘ پورٹل کے ذریعے عوامی عطیات مہم بھی شروع کی ہے۔
اب تک شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مددکے لیے 238 ملین ریال سے زیادہ کے عطیات جمع کرائے جا چکے ہیں۔
واضح رہے گزشتہ ہفتے شام اورترکیہ میں تباہ کن زلزلے سے اب تک 25 ہزار سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش ہنوز جاری ہے۔