یوکرینی پناہ گزینوں کے لیے 10ملین ڈالرکی سعودی امداد
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے نگران اعلی ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب یوکرین سے پولینڈ سمیت پڑوسی ممالک میں پناہ لینے والوں کی مدد کررہا ہے۔
سعودی عرب دنیا کے مختلف علاقوں میں پناہ گزینوں اور قدرتی آفات نیز خانہ جنگی جیسے مسائل سے دوچار افراد کا ساتھ دینے اور ان کے مسائل کا بوجھ ہلکا کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ یوکرین کے پناہ گزینوں کی مدد اسی پالیسی کا حصہ ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر الربیعہ نے منگل کو پولینڈ میں سعودی سفارتخانے میں پریس کانفرنس میں کہا کہ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ صحت اور پناہ گزینوں کے امور سے متعلق اقوام متحدہ کی ہائی کمشنری کے توسط سے یوکرین کے پناہ گزینوں کے لیے 10 ملین ڈالر کی امداد دی ہے۔ 10 لاکھ سے زیادہ پناہ گزینوں کے مسائل حل کرنے کا پروگرام ہے۔
الربیعہ نے کہا کہ سعودی عرب دنیا میں ہر جگہ ضرورت مندوں اور پناہ گزینوں کی انسانی بنیادوں پر مدد کے حوالے سے پرعزم ہے۔
ڈاکٹر الربیعہ نے بتایا کہ سعودی عرب شاہ سلمان مرکز برائے امداد کے سائبان تلے 2000 سے زیادہ امدادی منصوبے 85 ممالک میں نافذ کرچکا ہے۔
سعودی عرب فوڈ سیکیورٹی، صحت، تعلیم، پانی اور ماحولیاتی صحت جیسے شعبوں میں مدد کررہا ہے۔