Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان

وائٹ بال کی دونوں ہوم سیریز کے لیے کپتان بابر اعظم جبکہ نائب کپتان شاداب خان ہوں گے (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں ماہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی ٹی20 اور ون ڈے ہوم سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
 نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے کپتان بابر اعظم کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ ان کے ساتھ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، محمد رضوان اور فخر زمان بھی آرام کرنے کے بعد ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔
سکواڈ کا اعلان پی سی بی نے منگل کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔
اگر ٹی20 سکواڈ کی بات کی جائے تو اس میں افغانستان کے خلاف ڈیبیو کرنے والے طیب طاہر اور وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے تاہم آل راؤںڈر عماد وسیم کو ٹی20 سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
 افغانستان کے خلاف گذشتہ ماہ ڈیبیو کرنے والے زمان خان اور صائم ایوب کو ٹی20 جب کہ فاسٹ بولر احسان اللہ کو ٹی20 اور ون ڈے دونوں کے سکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔
گذشتہ ٹی20 سیریز کے لیے قومی ٹیم میں شامل محمد وسیم اور عبداللہ شفیق ٹی20 کے بجائے صرف ون ڈے سکواڈ کا حصہ ہیں۔
ون ڈے کے سکواڈ میں سلمان علی آغا، حارث سہیل اور امام الحق بھی شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف 14 اپریل کو لاہور میں شیڈول پہلے ٹی20 میچ سے شاہین شاہ آفریدی گذشتہ سال آسٹریلیا میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد پہلی مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کریں گے۔
وائٹ بال کی دونوں ہوم سیریز کے لیے گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم جبکہ نائب کپتان شاداب خان ہوں گے۔
دوسری جانب سے پی سی بی نے ٹی20 اور ون ڈے سیریز کے لیے شیڈول میں ایک مرتبہ پھر سے تبدیلی کی ہے جس کے بعد راولپنڈی میں اب دو ٹی20 اور دو ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔
پانچ میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز کا پہلے تین میچ لاہور میں 14، 15 اور 17 اپریل کو ہوں گے جس کے بعد آخری دو میچز 20 اور 24 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
اس کے بعد پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے دو میچز بھی 27 اور 29 اپریل کو راولپنڈی میں ہی ہوں گے جبکہ سیریز کے آخری تین میچ تین، پانچ اور سات مئی کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کا ٹی20 سیریز کے لیے سکواڈ:

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، افتخار احمد، احسان اللہ، عماد وسیم، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، زمان خان۔

پاکستان کا ون ڈے سیریز کے لیے سکواڈ:

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبد اللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حارث سہیل، احسان اللہ، امام الحق، محمد نواز، محمد رضوان،محمد وسیم، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، اُسامہ میر۔

شیئر: