سعودی عرب اور فرانس میں زبان، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کا اتحاد
سعودی عرب اور فرانس میں زبان، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کا اتحاد
جمعرات 13 اپریل 2023 15:24
مملکت بھر میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد فرانسیسی زبان بولتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں اچھی خاصی تعداد فرانسیسی ثقافت اور مصنوعات کی طرف اس قدر متوجہ ہے کہ بعض اوقات فرانسیسی بولنے والے ممالک کو محسوس ہوتا ہے کہ یہ دہائیوں سے فرانکوفون کمیونٹی کا حصہ ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق جدہ میں پرفیوم شاپ کے مینجر نے چہرے پر مسکراہٹ لاتے ہوئے بتایا کہ اکثر میں اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ فرانسیسی زبان میں بات کرتا ہوں اور ہر بار اس سے تجسس اور نئی دلچسپی پیدا ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ فرانسیسی ایسی بین الاقوامی زبان ہے جسے دنیا بھر میں 325 ملین سے زیادہ لوگ بولتے ہیں۔ تقریباً 93 ملین سکول کے بچوں اور طلبا کو فرانسیسی زبان میں پڑھایا جاتا ہے اور دنیا بھر میں بسنے والے 51 ملین لوگ یہ زبان سیکھ رہے ہیں۔
حالانکہ سعودی عرب فرانسیسی زبان بولنے والا ملک نہیں اس کے باوجود محسوس کیا گیا ہے کہ حالیہ برسوں میں مملکت بھر میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد فرانسیسی زبان بولتے ہیں اور 500 اساتذہ اس زبان کو سکھاتے ہیں۔
ریاض سے جدہ اور دمام الخبر تک فرانسیسی بولنے والی کمیونٹیز نظر آتی ہے۔ فرانسیسی ہائی سکولز نے فرانسیسی زبان کو تقویت دینے کے لیے مملکت کے کئی شہروں میں اس کے فروغ کی داغ بیل ڈالی ہے۔
علاوہ ازیں ریاض میں فرانسیسی سفارت خانے نے یکم اپریل کو فرانسیسی سعودی یوتھ بزنس کلب کے آغاز کے موقع پر ایک سحری کا اہتمام کیا۔
اس بزنس کلب کا مقصد دونوں ممالک کے نوجوانوں اور کاروباری افراد کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ جڑنے اور تعاون کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔
جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی، پائیداری اور مستقبل کے رجحانات کے ساتھ مختلف موضوعات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے کاروبار سے متعلق سرگرمیوں کو منظم کرنا ہے۔
14 جولائی 2020 کو فرانس کے قومی دن کے موقع پرعرب نیوز نے عرب اور فرانسیسی بولنے والی دنیا کے مابین ہم آہنگی بڑھانے کے لیے فرانسیسی ایڈیشن شروع کیا جو فرانس اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور دیرپا تعلقات کی علامت ہے۔
مزید برآں 20 مارچ کو فرانکو فونی ڈے منانے کے لیے ریاض ایک خاص فیسٹیول کا اہتمام کیا گیا۔
سعودی عرب میں فرانس کے سفیر لڈووک پاؤل کا کہنا ہے کہ مملکت میں فرانسیسی زبان کی مقبولیت سے انہیں خوشی ہے اور یہ ہمارے آپسی اتحاد کو تقویت کا باعث ہے۔
2021 کے آغاز میں فرانکو فونی ڈے کے موقع پر بہت سے سعودی نوجوانو ں نے مملکت میں فرانسیسی زبان کو تقویت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سعودی طالب علم نے بتایا کہ وہ فرانسیسی زبان نے مجھے فرانسیسی بولنے والے ممالک کے ساتھ بات چیت کرنے کا موقع فراہم کرتے ہوئے میری پیشہ ورانہ اور لسانی مہارتوں میں اضافہ کیا ہے اور میں ٹیلی ویژن پر 'فرانسیسی زبان میں سعودی چینل' دیکھنے کا خواہشمند ہوں۔
سال رواں میں فرانکوفونی ڈے پر ریاض، الخبر، جدہ اور العلا میں موسیقی، سینما، ادب اور بصری فنون کی وسیع پیمانے پر نمائش کی گئی۔
سعودی عرب میں فرانسیسی بولنے والے ممالک کے سفارت خانوں کے تعاون سے مارچ کے دوران متعدد شہروں میں دیگر مقامی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک عرب دنیا اور فرانس کو یکجا رکھنے والے تاریخی تعلقات کو مستحکم کرنے میں مدد کر رہے ہیں۔
حالیہ برسوں میں فرانسیسی زبان خاص طور پر متحدہ عرب امارات اور قطر میں بھی مسلسل اہمیت حاصل کر رہی ہے۔
فرانسیسی حکومت عرب خطے میں فرانسیسی زبان کی تعلیم کو فروغ دینے اور اس کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
خلیجی ممالک میں متعدد لینگویج کے سکول قائم ہیں جو فرانسیسی زبان میں تعلیم دیتے ہیں۔
خطے میں پرائیویٹ لینگوئج انسٹی ٹیوٹ کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے جو بالغوں اور بچوں دونوں کے لیے زبان دانی کا ماحول پیدا کر رہے ہیں, جس سے اب یہاں فرانسیسی زبان سیکھنا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو گیا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں