Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کفیل اقامہ تجدید نہیں کرا رہا، کفالت کیسے تبدیل کرائیں؟

گھریلو عملے کی کفالت تبدیل کرانے کے لیے ضوابط مقرر ہیں( فوٹو: ٹوئٹر جوازات)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کے قوانین کے تحت غیرملکی کارکنوں کے اقاموں کی تجدید اوراجرا کے مراحل کو آسان بنایا گیا ہے۔
 غیرملکی کارکنوں کوبنیادی طورپردو کیٹگریز میں تقسیم کیا جاتا ہے جن میں کمرشل کارکن اورانفرادی ویزوں پرمقیم غیرملکی شامل ہیں۔
 سائق خاص (گھریلو ڈرائیور) کے ویزے پرموجود ایک شخص نے جوازات کے ٹوئٹرپردریافت کیا’ کفیل اقامہ تجدید نہیں کررہا کیا اس صورت میں کفالت تبدیل کرائی جاسکتی ہے‘؟۔ 
جوازات کی جانب سے اس حوالے سے قانون کے نکات بیان کرتے ہوئے کہا گیا کہ’ گھریلو عملے کی کفالت تبدیل کرانے کے لیے جوضوابط مرتب کیے گئے ہیں ان کے مطابق موجودہ کفیل اپنے کارکن کی کفالت تبدیلی کےلیے این اوسی جاری کرے گا‘۔ 
’این اوسی کے بعد نئے کفیل اورکارکن کی جانب سےکفالت کی تبدیلی کےلیے ابشراکاونٹ پرڈیجیٹل رضامندی کی تصدیق کی جائے گی۔ یہ کارروائی کفالت کی درخواست اپ لوڈ کیے جانے کے سات دن کے اندر مکمل ہونا ضروری ہے بصورت دیگر خود کارسسٹم درخواست کو مسترد کردیتا ہے‘۔ 
قانون کے مطابق کارکن کے خلاف ’ہروب‘ رجسٹرنہیں ہونا چا ہیے۔ ہروب رجسٹرہونے کی صورت میں اسے کینسل کرانے کے بعد باقی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 
واضح رہے وزارت افرادی قوتم کے قانون کے تحت کسی بھی غیرملکی کارکن کا اپنے اسپانسر کے پاس سے فرارہونا سنگین قانون شکنی تصور کی جاتی ہے۔ 
جس کارکن کا ہروب فائل ہوتا ہے اگرابتدائی پندرہ دن کے اندر ہروب کینسل کرادیاجائے تو بغیر کسی مشکل کے یہ عمل ممکن ہوجاتا ہے بصورت دیگر مقررہ مدت ختم ہونے کی صورت میں معاملہ کافی دشوار ہوجاتا ہے جس کےلیے وزارت افرادی قوت کے متعلقہ ادارے میں درخواست دی جاتی ہے جہاں قانونی نکات کو مدنظررکھتے ہوئے ہروب کینسل کیاجاتاہے۔

اقامہ کی بروقت تجدید قانونی طورپرکفیل کی ذمہ داری ہوتی ہے(فوٹو: ٹوئٹر جوازات)

ہروب فائل ہونے اورمقررہ دو ہفتے کی مدت ختم ہونے کے بعد جوازات اوروزارت افرادی قوت کے سسٹم میں کارکن کی فائل کو سیز کردیا جاتا ہے جس کے ساتھ کارکن کے تمام سرکاری معاملات بھی رک جاتے ہیں۔ 
خیال رہے اقامہ کی بروقت تجدید قانونی طورپرکفیل کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ اس صورت میں جبکہ کفیل کی جانب سے اقامہ کی تجدید نہیں کرائی جارہی یا تنخواہوں کی ادائیگی میں غیرمعمولی تاخیرہورہی ہو اس صورت میں وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی میں شکایت درج کرائی جاسکتی ہے جس پرمتعلقہ ادارے کی جانب سے تحقیقات کرنے کے بعد فوری طورپرکفالت کی تبدیلی کے احکامات صادر کردیئے جاتے ہیں۔ 
وزارت افرادی قوت کی جانب سے کفالت کی تبدیلی کے احکامات صادر ہونے پرقانونی طورپرکفالت تبدیل کرائی جاسکتی ہے اس صورت میں سابق کفیل کی اجازت یا اس کی جانب سے این اوسی بھی درکار نہیں ہوتا۔ 

شیئر: