’معاشی حالات کے سبب پاکستان میں 5 جی انٹرنیٹ لانے میں مشکلات‘
’معاشی حالات کے سبب پاکستان میں 5 جی انٹرنیٹ لانے میں مشکلات‘
بدھ 19 اپریل 2023 6:02
زین علی -اردو نیوز، کراچی
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کے معاشی بحران اور سیاسی تبدیلی کی وجہ سے ملک میں فائیو جی انٹرنیٹ سروس لانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کراچی میں اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’تمام ٹیلی کام کمپنیز سے رابطے میں ہیں، ہماری کوشش ہے کہ رواں سال کے اختتام تک ملک کے چند بڑے شہروں میں تیز ترین انٹرنیٹ سروس متعارف کروا دی جائے۔‘
امین الحق کا کہنا تھا کہ ’ملک میں نوجوان آئی ٹی کے شعبے میں کام کر کے پاکستان کے لیے زرمبادلہ کما رہے ہیں۔ یہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہیں سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔‘
وفاقی وزیر نے کہا کہ فری لانس کام کرنے والوں کو رقم کی وصولی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس سلسلے میں آئی ٹی منسٹری فری لانسرز کے ساتھ رابطے میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’فری لانسرز کو اکاؤنٹ کھولنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس کے علاوہ ایف بی آر کی جانب سے مختلف سوالات شروع ہو جاتے ہیں۔ آئی ٹی منسٹری سٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایف بی آر کے ساتھ مل کر معاملات کو بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘
امین الحق کے مطابق گوگل اور ٹک ٹاک نے سکیورٹی ایکسچینج میں رجسٹریشن کرا دی ہے۔ فیس بک اور ٹوئٹر سمیت دیگر بڑی کمپنیز سے بات چیت جاری ہے۔ امید ہے جلد ہی بڑی کمپنیز پاکستان میں اپنا دفتر قائم کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ ’ایم کیو ایم ایک بڑی سیاسی جماعت ہے، ہماری ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ ملک میں جمہوری روایت قائم و دائم رہنی چاہیے اور پارلیمنٹ کی بالادستی ہونی چاہیے۔‘
’سپریم کورٹ کی غیر جانبداری اور آزادی پر بھی حرف نہ آئے۔ ایم کیو ایم پاکستان وزیراعظم شہباز شریف سے مسلسل رابطے میں ہے۔ ہماری یہ خواہش تھی کہ معاملات بات چیت کے ذریعے حل کر لیے جائیں۔ اس کا ایک ہی حل ہے کہ انتخابات ہونے چاہییں۔ انتخابات کب ہونے چاہییں اس پر بات چیت جاری ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ڈیجیٹل مردم شماری مکمل ہو اور نئی حلقہ بندیوں کی بنیاد پر انتخابات ہوں۔‘
امین الحق نے کہا کہ ’جماعت اسلامی سمیت پاکستان پیپلز پارٹی مذاکرات کی کوشش کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کا وفد اس سلسلے میں ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کرے گا۔ سیاست میں بات چیت کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہنا چاہیے اور کبھی ڈیڈ لاک نہیں آنا چاہیے۔‘
امین الحق کا کہنا تھا کہ ’ملک میں بڑھتی مہنگائی ایک اہم مسئلہ ہے، ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سمیت دیگر مسائل پر ایم کیو ایم نے ہمیشہ آواز بلند کی ہے اور ہم عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف حکومت اور اپوزیشن کو ایک پیج پر آنا چاہیے۔ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔