Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی گرفتار، ’سب لندن پلان کا حصہ ہے‘

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ پارٹی کے سندھ کے صدر علی زیدی کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
سنیچر کو پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فرخ حبیب نے علی زیدی کی گرفتاری کی تصدیق کی۔
علی زیدی کے خلاف مقدمہ ضلع ملیر کے تھانہ ابراھیم حیدری میں درج ہے۔ مقدمے میں مدعی نے دعویٰ کیا ہے کہ ’علی زیدی نے پراپرٹی کے عوض پیسے وصول کیے لیکن نہ پراپرٹی دی گئی اور نا ہی پیسے واپس کیے گئے ہیں۔‘
پی ٹی آئی رہنما کے خلاف مقدمے میں دھوکہ دہی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہے۔ تاہم اب تک پولیس کی جانب سے باقاعدہ گرفتاری کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے علی زیدی کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔
ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’ہمارے ایک اور سینیئر رہنما علی زیدی کی کراچی سے گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ یہ سب لندن پلان کا منصوبہ ہے جہاں نواز شریف کو یقین دہانی کروائی گئی کہ پی ٹی آئی کو کچل دیا جائے گا۔‘
پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے علی زیدی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے وفاقی حکومت کا انتقام قرار دیا ہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ’امپورٹڈ حکومت نے ایک جعلی مقدمے میں علی زیدی کو گرفتار کیا ہے۔ علی زیدی سابق وفاقی وزیر ہیں، انہیں بے دردی سے پولیس نے گھسیٹتے ہوئے دفتر سے گرفتار کیا ہے۔ ‘
آفتاب صدیقی نے کہا کہ ’ایسا برتاؤ تو پولیس نے کبھی عزیر بلوچ کے ساتھ نہیں کیا جیسا علی زیدی کے ساتھ کیا ہے۔ 
علی زیدی کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی رہنماؤں نے پارٹی کے ریجنل سیکریٹریٹ انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس کی۔
پی ٹی آئی کے میڈیا سیل کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل و سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہر وی کینڈ پر پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی کرنا حکومت کا وطیرہ ہے۔ ہم علی زیدی سے رابطے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ وکیل کی رسائی ممکن بنائی جا سکے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے علی زیدی کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ (فائل فوٹو: علی زیدی فیس بک)

انہوں نے کہا کہ لندن پلان پر عمل کیا جارہا ہے تاکہ پی ٹی آئی کے طوفان کو روک سکیں۔ یہ چاہتے ہیں عمران خان اور قیادت کو گرفتار کرکے پھر الیکشن میں جائیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کارکنان نے ابراہیم حیدری تھانے کے باہر دھرنا دے دیا ہے جبکہ مزید کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
کارکنان نے علی زیدی کی گرفتاری کے خلاف نعرے بازی کی ہے۔ پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی راجا اظہر بھی کارکنان کے ہمراہ ہیں۔

شیئر: