Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ کےلیے پرمٹ کی شرط برقرار ہے، وزارت حج

صحن مطاف عمرہ زائرین کےلیے مخصوص ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت حج وعمرہ کی جانب سے یادہانی کرائی گئی ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے بعد بھی عمرہ کی ادائیگی کےلیے پرمٹ کی شرط برقرار ہے۔
پرمٹ کا اجرا ’توکلنا‘ یا ’نسک‘ ایپ سے کیا جاتا ہے۔ عمرہ پرمٹ سعودی شہریوں اورمملکت میں رہنےوالے غیرملکیوں کے لیے لازمی ہے جبکہ وزٹ ویزے پرمملکت میں مقیم افراد بھی عمرہ پرمٹ حاصل کرنے کے پابند ہیں۔
وزارت حج کے ٹوئٹرپرعمرہ پرمٹ کی پابندی کے حوالے سے استفسار پروزارت حج کی جانب سے کہا گیا کہ عمرہ پرمٹ کا سلسلہ رمضان المبارک کے بعد بھی جاری ہے۔ عمرہ کی ادائیگی کےلیے پرمٹ حاصل کیاجائے۔
واضح رہے وزارت حج وعمرہ کی جانب سے اسمارٹ فون پر’نسک ‘ ایپ پرعمرہ اورزیارت مسجد نبوی الشریف کے لیے پرمٹ حاصل کرنے کی شرط برقرار ہے۔
وزارت نےعمرہ زائرین کی سہولت کےلیے صحن مطاف کو صرف عمرہ کرنے والوں کے لیے مخصوص کیا ہوا ہے تاکہ مطاف میں زیادہ ازدحام نہ ہواورعمرہ زائرین آسانی سے طواف کرسکیں۔

مسجد نبوی کی زیارت کےلیے بھی پرمٹ حاصل کیاجائے(فوٹو، ٹوئٹر)

وہ افراد جوصرف طواف کرنے کےلیے مسجد الحرام جاتے ہیں انہیں بالائی منزل سے طواف کرنا ہوتا ہے۔ عمرہ پرمٹ کی چیکنگ کے لیے مسجد الحرام کے وہ داخلی دروازے جوصحن مطاف کی جانب جاتے ہیں پرمتعلقہ اہلکارتعینات ہوتے ہیں جوپرمٹ دیکھنے کے بعد عمرہ کرنے والوں کو داخل ہونے کی اجازت دیتے ہیں۔
پرمٹ کے حصول یا منسوخی کے حوالے سے وزارت حج کا کہنا تھا کہ پرمٹ حاصل کرنے کے بعد اس میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی البتہ اگرمقررہ دن یا وقت پرجانے کا ارادہ ملتوی ہوجائے توقبل از وقت پرمٹ کوکینسل کرنے کے بعد دوسرا پرمٹ حاصل کیاجاسکتا ہے۔

شیئر: