طائف میں 3 سالہ بچے نے سیٹی نگل لی
ڈاکٹروں نے فوری آپریشن کرکے بچے کی سانس کی نالی میں پھنسی سیٹی نکال لی(فوٹو، ٹوئٹر)
کنگ فیصل میڈیکل کمپلیکس طائف کے سرجنوں نے ایک تین سالہ بچے کا بروقت آپریشن کرکے نگلی ہوئی سیٹی نکال لی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ صحت طائف نے کہا ہے کہ ایک تین سالہ بچہ کنگ فیصل میڈیکل کمپلیکس طائف لایا گیا۔
بچے کوسانس لینے میں دشواری ہورہی تھی۔ سانس لیتے وقت سیٹی کی آواز نکل رہی تھی۔ معائنہ کرنے پر پتہ چلا کہ اس کی سانس کی نالی میں کوئی چیز اٹک گئی ہے۔
معائنے کے بعد میڈیکل ٹیم نے فوری آپریشن کا فیصلہ کیا اور 20 منٹ کی کارروائی کرکے بچے کی سانس کی نالی سے سیٹی نکال لی گئی۔ بچے نے کھیل کے دوران یہ نگل لی تھی۔
محکمہ صحت طائف نےاطمینان دلایا ہے کہ بچہ اب خطرے سے باہر ہےاور سانس طبعی انداز میں لینے لگا ہے۔ ڈاکٹروں نے مکمل معائنے کے بعد اسے گھر جانے کی اجازت دے دی ہے۔