ترک فورسز نے شام میں داعش کے سربراہ کو ہلاک کر دیا:اردوغان
صدر اردوغان نے بتایا کہ ترک انٹیلیجنس داعش کے سربراہ کا پیچھا کر رہی تھی۔ فوٹو: روئٹرز
ترکیہ کے صدر طیب اردوغان نے شام میں ترک افواج کی کارروائی میں کالعدم تنظیم داعش کے سربراہ کے ہلاک ہونے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق صدر اردوغان نے سرکاری ٹیلی ویژن ٹی آر ٹی کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ سنیچر کو ترکیہ کی فوج نے ایک حملے میں داعش کے سربراہ ابو حسین القریشی کو ہلاک کر دیا ہے۔
صدر اردوغان نے بتایا کہ ترک انٹیلیجنس ایم آئی ٹی بہت عرصے سے داعش کے سربراہ کا پیچھا کر رہی تھی۔
ترک صدر کا کہنا تھا ’ہم دہشت گرد تنظیمو ں کے خلاف بلا تفریق اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔‘
خیال رہے کہ شام کی سرحد پر ترکیے کی جانب سے داعش اور کرد گروہوں کے خلاف کئی آپریشن کیے جا چکے ہیں جن میں مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک یا گرفتار کیا گیا۔
شام کی سرحد سے کرد گروہوں کو ہٹانے کی غرض سے شروع کیے گئے آپریشن کے نتیجے میں ملک کے شمال میں ایک بڑا حصہ ترکیے کے قبضے میں ہے۔
اکتوبر میں داعش کے سابق سربراہ کی ہلاکت کے بعد ابو حسین القریشی کو تنظیم کی سربراہی سونپی گئی تھی۔
خیال رہے کہ اکتوبر 2019 میں داعش کے بانی ابو بکر البغدادی کو شمال مغربی شام میں امریکی افواج نے ایک آپریشن میں ہلاک کر دیا تھا۔
ابو بکر البغدادی کی ہلاکت کے بعد ابو ابراہیم الہاشمی القریشی کو تنظیم کا سربراہ منتخب کیا گیا جو فروری 2022 میں ایک حملے میں مارا گیا تھا۔