14 مئی سے پہلے اسمبلیاں تحلیل نہیں کرتے تو مزید مذاکرات ممکن نہیں:عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکمران اتحاد الیکشن کرانے سے بھاگ رہا ہے اور اگر سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی گئی تو اُن کی جماعت سڑکوں پر ہو گی۔
پیر کو لاہور میں یومِ مزدور کے موقع پر نکالی گئی ریلی سے گاڑی کے اندر بیٹھ کر خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ’یہ الیکشن تب کروانا چاہتے ہیں جب یہ تحریک اںصاف کو کمزور کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔‘
تحریک انصاف کے یکم مئی کی مناسبت سے ملک کے بڑے شہروں میں ریلیاں منعقد کیں۔ لاہور، راولپنڈی اور پشاور میں نکالی گئی ریلیوں میں جماعت کی قیادت نے شرکت کی۔
عمران خان نے کہا کہ ’یہ کسی طرح مجھے قتل کر کے، یا جیل میں ڈال راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔‘
تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اُن کی مذاکراتی ٹیم کل حکومتی وفد سے بات چیت میں واضح کہے گی کہ اگر 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں تحلیل کرتے ہیں تو ہم بات کرنے کو تیار ہیں اس کے سوا کوئی بات نہیں ہو سکتی۔
’اگر ایسا نہ کیا تو ہم سپریم کورٹ جائیں گے کہ ہمیں پنجاب اور خیبر پختونخوا کا الیکشن چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سڑکوں پر نکلے گی اگر الیکشن نہ کرائے گئے۔ ’کارکن تیاری کریں اگلے ہفتے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، ہم آئین اور اپنے چیف جسٹس کے ساتھ کھڑے ہوں گے، اگر چودہ مئی سے پہلےاسمبلیاں تحلیل کرتے ہیں تو عام الیکشن کیلئے تیار ہیں، یہ بجٹ کے بہانے بنا رہے ہیں۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’الیکشن نہ ہوا تو چوروں، ہینڈلرز کو خبردار کر رہا ہوں، ملک میں حقیقی آزادی کی جنگ کیلئے باہر نکلیں گے۔‘
عمران خان نے کہا ہے کہ اگر انہوں نے آئین توڑا تو تحریک انصاف سڑکوں پر نکلے گی، یہ الیکشن سے بھاگیں گے تو ہم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہوں گے،