Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمران خان کچھ بھی کہتے رہیں حکومت بجٹ دے گی‘

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کے ہر فیصلے سے ہمیں سیاسی فائدہ ہوا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیرتوانائی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ عمران خان کچھ بھی کہتے رہیں حکومت بجٹ پیش کرے گی۔
وزیرتوانائی خرم دستگیر خان نے کہا کہ عمران خان ایک ہفتے میں سات مرتبہ بیان بدل دیتے ہیں کہ ان کی حکومت کس نے توڑی۔
خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سنیچر کو کہا تھا  کہ اگر 14 مئی تک اسمبلیاں تحلیل کر دی جاتی ہیں تو وہ بھی ایک ساتھ انتخابات کے لیے تیار ہیں۔  ’ہمارے ساتھ بد نیتی نہ کریں کہ بجٹ کے بعد ہم اسمبلیاں تحلیل کریں گے، کیونکہ یہ ہمیں قبول نہیں ہے۔‘
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے خرم دستگیر خان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات اکتوبر میں ہوں گے۔
ان کے مطابق وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
اس سےقبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف بالکل احتجاج شروع کرے تاکہ یہ مذاکرات ختم ہوں۔
اتوار کو سیالکوٹ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ ’مذاکرات کی جو یہ پنچائت بٹھائی گئی ہے پتا نہیں جائز طریقے سے بٹھائی گئی ہے یا ناجائز طریقے سے۔ ہم تو یہ اتمام حجت کر رہے ہیں، باقی ان سے کیا نتیجہ نکلنا ہے یا کیا نتیجہ پچھلے ایک سال میں نکلا ہے۔‘
’میرا خیال ہے کہ عمران خان کا جو بھی شوق ہے اسے اتارنے دیں تاکہ کل کو کوئی گلہ نہ رہے کہ میں نے یہ کرنا تھا یا میں نے وہ کرنا تھا۔‘
واضح رہے اتوار کو تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا تھا کہ اُن کی پارٹی مذاکرات کی کامیابی چاہتی ہے لیکن ناکامی کی صورت میں بھی حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔
اتوار کی صبح ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ ’مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں عوام بڑی تحریک کے لیے تیار ہو جائیں، تحریک کا آغاز کل لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں ریلیوں سے ہو رہا ہے۔ اس تحریک کا نقطہ عروج ایک تاریخی لانگ مارچ ہو گا۔‘
پی ٹی آئی کی جانب سے یکم مئی کو تین شہروں میں ریلیوں کے انعقاد کے حوالے سے وزیر دفاع نے کہا کہ ’بالکل وہ کریں، موسٹ ویلکم۔ پچھلے ایک سال میں عمران خان نے جتنے قدم اٹھائے ہیں جتنے اعلانات کیے ہیں، ان سے پیچھے ہٹے ہیں۔ یہ لانگ مارچ کہاں چلیں گے۔
خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ ’عمران خان نے وزیر آباد والا لانگ مارچ بھی کسی کے کہنے پر کیا تھا۔ میں نام نہیں لوں گا لیکن آپ سب جانتے ہیں کہ کس کے کہنے پر کیا تھا۔‘
انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اِنہوں نے اسمبلیوں سے استعفے دیے، یہ حکمت عملی ناکام ہوئی۔ اگر یہ آج اسمبلیوں میں بیٹھے ہوتے تو ہم مشکل میں ہوتے۔ مجھے بتائیں پچھلے ایک سال میں ان کا کون سا فیصلہ ہے جو کامیاب ہوا ہو۔ ان کے ہر فیصلے سے ہمیں سیاسی فائدہ ہوا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ’عمران خان کو اب نئے سہولت کار ملے ہوئے ہیں، اللہ خیر کرے گا، پرانے سہولت کاروں نے کون سے تیر چلا لیے ہیں۔‘

خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ ’عمران خان نے وزیر آباد والا لانگ مارچ بھی کسی کے کہنے پر کیا تھا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

ملک میں انتخابات ایک ہی روز ہونے چاہییں: احسن اقبال
وفاقی وزیر ترقی اور منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ کہ ملک میں انتخابات ایک ہی روز ہونے چاہییں۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نارووال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آئین کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کومدت پوری کرنے دی جائے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 2018 میں ایک سازش کے تحت عمران خان کو اس ملک پر مسلط کیا گیا جس سے ملک کی معیشت تباہ ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابات ایک ہی روز ہونے چاہییں اور ہم انتخابات سے بھاگ نہیں رہے، ہم کہتے ہیں آئین کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کو مدت پوری کرنے دی جائے۔
وزیر ترقی اور منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کے منتخب وزیراعظم کو جب سوموٹو کے ذریعے نااہل قرار دیا جاتا ہے تو کیا وزیراعظم کا حق نہیں ہے کہ انہیں اپیل کا حق ملے۔
’پارلیمنٹ کا موقف پاکستان کے آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی ہے اور پاکستان کی پارلیمنٹ کا حق ہے وہ قانون سازی کرے اور جو قانون سازی پارلیمنٹ نے کی ہے وہ خود سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کی ہے اور آئین کے روح کے مطابق کی ہے۔‘

شیئر: