Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ عمران خان اور اُس کا گینگ ہے: مریم نواز

حکومتی اتحاد میں شامل جماعت مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک میں بہت پوٹینشل ہے مگر ترقی کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ کا نام عمران خان ہے۔
پیر کو لاہور میں یوم مزدور کے موقع پر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے عمران خان، سپریم کورٹ اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو تند و تیز جملوں سے تنقید کا نشانہ بنایا۔
مریم نواز نے ان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزدوروں کے لیے ریلی نہ نکالیں، صرف پاکستان کے خلاف سازش بند کر دیں تو مزدور کا بھلا ہو جائے گا۔‘
اس کا خود ہی جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’اس کا ذمہ دار صرف عمران خان نہیں بلکہ پورا گینگ ہے۔‘
’ملک کا ہر کرپٹ شخص اس گینگ کا حصہ ہے، چاہے وہ جنرل فیض ہو، ثاقب نثار ہو یا کوئی اور۔‘
انہوں نے چیف جسٹس کی ساس اور ثاقب نثار کے بیٹے کی  مبینہ آڈیوز لیکس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج فیصلے ساسوں کے کہنے اور بیٹوں کی کرپشن پر ہو رہے ہیں۔ 
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’پرچہ آؤٹ ہو گیا۔ آج سوا، سوا کروڑ میں انصاف بک رہا ہے۔‘
انہوں نے نواز شریف کے خلاف دیے جانے والے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج سب کو معلوم ہو گیا ہے کہ سیسلین مافیا کون ہے۔
مریم نواز نے عدالتی فیصلوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو پارلیمنٹ کا فیصلہ ماننا ہی پڑے گا۔‘

شیئر: