مکہ میں ’المسیال سٹریٹ ‘ کی تزئین کا منصوبہ شروع
شاہراہ کوپیدل چلنے کےلیے مخصوص کیا جائے گا(فوٹو،ٹوئٹر)
مکہ میونسپلٹی نے مسجد الحرام جانے والی ’المسیال سٹریٹ‘ کی تزئین اور تعمیر نو کے منصوبے پرکام شروع کردیا ہے۔ منصوبہ ایک ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔
اخبار24 کے مطابق المسیال مکہ مکرمہ کے متعدد محلوں کو المسفلہ علاقے سے جوڑنے والی اہم شاہراہ ہے۔ یہ مکہ مکرمہ کی انتہائی اہم شاہراہ مانی جاتی ہے۔
مکہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبے کے مطابق المسیال روڈ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ اسے پیدل چلنے والوں کے لیے معیاری انداز میں تیار کیا جائے گا۔
المسیال روڈ پروجیکٹ کثیر المقاصد ہوگا۔ حج اورعمرہ سیزن میں شدید اژدحام کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف مقامات پر نماز ادا کرنے کے لیے خصوصی انتظامات ہوں گے۔ علاوہ ازیں المسیال روڈ منصوبہ حرم شریف کے اطراف علاقے کو جدید تر اور خوبصورت بنانے میں بھی معاون بنے گا۔
مکہ میونسپلٹی نے توجہ دلائی ہے کہ منصوبے کا مجموعی رقبہ 6 ہزار مربع میٹر ہے۔ یہاں مصنوعی گرینائٹ نصب کیے جائیں گے۔
المسیال روڈ کی مجموعی لمبائی 171 میٹر ہے اس پر درخت لگائے جائیں گے۔ روشنی کے لیے سمارٹ کھمبے نصب ہوں گے۔ لاؤڈ سپیکر کا بھی انتظام کیاجائے گا۔