مکہ مکرمہ :حجاج کی رہائشی عمارتوں کے پرمٹ کی درخواستیں
مکہ مکرمہ :حجاج کی رہائشی عمارتوں کے پرمٹ کی درخواستیں
ہفتہ 29 اپریل 2023 21:31
پرمٹ کے لیے درخواستیں ماہ شوال کے آخرتک جمع کرائی جاسکتی ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
مکہ مکرمہ میں حجاج کی رہائشی امور کی نگران کمیٹی کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ عمارتوں اورمکانوں کے پرمٹ جاری کرانے کے لیے درخواستیں رواں ماہ کے آخرتک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں عمارتوں اورمکانوں کے مالکان جو پرمٹ حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں وہ جلد از جلد کمیٹی سے رجوع کریں۔
سبق نیوز کے مطابق حجاج کے رہائشی امور کی نگران کمیٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ عمارتیں مقررہ معیار کی ہونا ضروری ہیں جن کی تصدیق مکہ بلدیہ اورشہری دفاع کے منظورشدہ کنسلٹنگ انجینئرنگ فرمز سے کرائی جائے۔
عمارتوں میں فراہم کردہ سہولتیں مقررہ شرائط کے مطابق ہوں(فوٹو، ٹوئٹر)
رہائشی امورکی کمیٹی کا مزید کہنا ہے کہ حجاج کی رہائش کےلیے جوعمارتیں فراہم کی جائیں گی ان کے لیے بنیادی شرائط متعلقہ کمیٹی کی جانب سے جاری کی جا چکی ہیں جن میں حفاظتی امورکومقدم رکھا گیا ہے۔
متعلقہ منظورشدہ انجینئرنگ فرمز کے نمائندے عمارتوں کا جائزہ لینے کے بعد فراہم کی گئی سہولتوں اورمعیار کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کریں گے جن کی بنیاد پرعمارتوں کے پرمٹ جاری کیے جائیں گے۔
واضح رہے ’اسکان حجاج کمیٹی‘ کی جانب سے حجاج کے لیے عمارتوں میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے معیار میں تبدیلیاں کی گئی ہیں اسی حوالے سے پرمٹ کے اجرا کے لیے درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ میں توسیع کردی گئی ہے۔