Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں سعودی عرب کی سیاحت کے لیے رجحان میں اضافہ

فروری میں سعودی ٹورازم اتھارٹی نے انڈیا میں کئی ایونٹس منعقد کیے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کی جانب سے رواں برس کے آخر تک 20 لاکھ انڈین سیاحوں کو مملکت لانے کی تشہیری مہم کے بعد انڈینز کی سعودی عرب آمد میں اضافہ ہوا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق گذشتہ دو برسوں میں انڈیا سعودی عرب کی سیاحت کے لیے مرکزی ملک کے طور پر ابھرا ہے۔ سعودی ٹورازم اتھارٹی کو توقع ہے کہ اگلے چند برسوں میں انڈیا سعودی عرب کی سیاحت کے لیے سب سے بڑا ملک ہو گا۔
فروری میں سعودی ٹورازم اتھارٹی نے انڈیا میں کئی ایونٹس منعقد کیے جن میں مملکت کے تاریخی مقامات اور مستقبل کے پراجیکٹس کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ پروموشن کے لیے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ساتھ ایک معاہدہ بھی کیا گیا۔
 انڈیا کی سب سے بڑی آن لائن ٹریول کمپنی ’میک مائی ٹرپ‘ کے ڈیٹا کے مطابق سعودی عرب کی یہ کوشش رنگ لائی ہے۔
کمپنی کے چیف بزنس آفیسر راج رشی سنگھ نے بتایا کہ ’سعودی عرب کے لیے سرچ میں اکتوبر 2022 سے دسمبر 2022 کے مقابلے میں جنوری 2023 سے مارچ 2023 کہ سہہ ماہی میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ حالیہ مہم نے مطلوبہ اہداف کو حاصل کرنے میں مدد دی ہے۔‘
انڈیا سے سعودی عرب آنے والوں میں زیادہ تر لوگ دہلی، ممبئی، کلکتہ، بنگلور اور دیگر بڑے شہروں سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی بڑی تعداد جدہ، ریاض اور دمام آتی ہے۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی کے ایشیا پیسفک کے سربراہ الحسن الدباغ نے کہا کہ ’ہمارا ہدف ہے کہ سال کے آخر تک 20 لاکھ انڈین سعودی عرب کا دورہ کریں اور ہم نے اس کے لیے بالی وڈ، فٹ بال اور کرکٹ کی شخصیات کی شہرت کو استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔‘

شیئر: