کویت: پاکستان عوامی سوسائٹی کے زیر اہتمام ’’شب وجدان‘‘ کا انعقاد
کویت سٹی( محمد عرفان شفیق) پاکستان عوامی سوسائٹی،کویت کے زیرِ اہتمام بیداری شعور، اسلام، پاکستان اور آگہی کے حوالے سے عارفانہ کلام سے سجی ’’شبِ وجدان‘‘ کا انعقادکیا گیاجس میں کویت میں مقیم پاکستان کے نامور فنکاروں نے اپنے خوبصورت انداز میں عارفانہ کلام پیش کیا۔ پروگرام کا آغاز حافظ عبدالرشید نے تلاوت قرآن حکیم سے کیا جبکہ نعت رسول کی سعادت ناصر عباس نے حاصل کی۔ تقریب میں سفارت خانہ پاکستان کے نمائندگان اور کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل میں محمد اسلم، محسن علی، سرور حسین نقشبندی، اعجاز مغل اور تنویر فاضل نے عارفانہ کلام انتہائی خوبصورت ترنم کے ساتھ پیش کیا۔ کویت میں مقیم پاکستانی گلو کار رضوان بھٹی نے منفرد انداز میں کلام پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ تقریب میں سندھی، پنجابی، بلوچی، پشتو اور اردو زبانوں میں لکھا ہوا کلام مقامی فنکاروں منظور مالاکنڈ، ظفر غوری، جمی اور نیئر جاوید نے طبلہ، بانسری، ہارمونیم اور ڈھولک کے ذریعے پیش کیا۔ تقریب کی نظامت کرتے ہوئے محمد حنیف قریشی، محمد فیصل اور کاشف کمال نے عارفانہ کلام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پاکستان کے معروف گلوکار منظور مرزا نے اپنے خصوصی تاثرات میں پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے تمام ذمہ داران کے جذبے کی سلامتی اور مشن کی استقامت کی دعاکرتے ہوئے اپنا نیا ریلیز ہونیوالا گیت ’’ماں دی شان‘‘ پیش کیا۔ تقریب سے آن لائن خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین نے پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے بیداری شعور مشن اور اس سلسلے میں کیے جانیوالے عملی اقدامات کو سراہا اور مبارکباد پیش کی۔ پاکستان عوامی سوسائٹی، کویت کے صدر سید جعفر صمدانی نے کہا کہ عارفانہ کلام میں امن کا پیغام اورانسانیت سے محبت کا پیغام ملتا ہے۔