Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت:پاکستان عوامی سوسائٹی کے زیرِ اہتمام ’’سلام پاکستان‘‘ تقریب

کویت(محمد عرفان شفیق) پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے زیرِ اہتمام یومِ پاکستان انتہائی جوش و جذبے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں ’’سلام پاکستان‘‘ کے نام سے ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علامہ محمد اقبال، سرسید احمد خان، خان لیاقت علی خان،مولانا ظفر علی خان،مولانا چراغ حسن حسرت،پیر صاحب آف مانکی شریف کے فرزندان اور خاندانی ورثاء سید اسد اللہ، ظہیر الحسن جاوید، پیرزادہ نبی امین،خان فرہاد علی خان،راجہ اسد، منیب اقبال اور 23مارچ 1940کے جلسے میں شریک ڈاکٹر رفیق احمدنے تقریب کے شرکاء سے گفتگو کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کا آغاز حافظ عبدالرشید نے تلاوت قرآنِ پاک سے کیا جبکہ نعتِ رسولِ مقبول کی سعادت منہاج نعت کونسل کویت نے حاصل کی۔ انٹرنیشل اسکول و کالج آف پاکستان،کویت کے طلبہ نے معروف شاعرکاشف کمال کے لکھے ہوئے خصوصی ملی نغمے’’اے میرے وطن‘‘ اور حولی پاکستان انگلش اسکول کے طلبہ نے ملی نغمات ’’پاکستان تیز قدم‘‘ اور’’شکریہ پاکستان‘‘ پر خوبصورت ٹیبلوز پیش کئے۔معروف گلو کار امجد حسین نے ملی نغمے پیش کر کے ہال میں موجود پاکستانیوں کی کثیر تعداد کے دل موہ لیے اور تقریب میں جوش اور ولولہ پیدا کر دیا۔ پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے جنرل سیکرٹری محمد حنیف قریشی نے نظامت کے فرائض ادا کرتے ہوئے تحریک پاکستان میں طلبہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ ننھے مقرر احمد اشفاق اور حولی پاکستان انگلش سکول کے طالبِ علم محمد فرحان وسیم نے تحریک آزادی اور یومِ پاکستان کے موضوع کو پُرجوش انداز میں تقریر کی صورت پیش کیا۔پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے میڈیا سپروائزر عطا الہیٰ نے مشاہیر تحریک پاکستان کے کردار کو خوبصورت ڈاکومنٹری کی صورت میں پیش کیا۔ ہونہار ننھے طالبِ علم محمد عاصم عظیم نے یومِ پاکستان کے حوالے سے اپنے فن کو ڈاکومنٹری کے ذریعے پیش کیا جسے حاضرین نے خوب سراہا اور تعریف کی۔ سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر عمر جاوید نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کویت میں پاکستان عوامی سوسائٹی کی بیداری شعور مہم، کمیونٹی میں جاری مثبت سرگرمیوں اور سلام پاکستان کی عظیم الشان تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔پاکستان عوامی سوسائٹی،کویت کے صدر سید جعفر صمدانی ایڈووکیٹ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک فلاحی اسلامی مملکت بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنی سرگرمیاں شعور، اسلام اور پاکستان کیلئے وقف کر دیں۔ انہوں نے پاکستان عوامی سوسائٹی کے تمام اراکین اور ذمہ داران کو یومِ پاکستان کی باوقار تقریب کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے آخر میں منہاج القرآن انٹرنیشنل،کویت کے صدر حاجی عبدالرشید نے امتِ مسلمہ کے اتفاق اورپاکستان کی سربلندی کیلئے دعا کی اور پاکستان عوامی سوسائٹی کویت کے مشن کو فروغ دینے میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پرحاضرین کیلئے پُرتکلف عشائیے کااہتمام تھا۔
 

کویت میں مقیم کمیونٹی کی خبریں اور تقاریب کی تصاویر، ویڈیو اور رپورٹس شائع کرنے کے لئے درج ذیل ای میل پر ارسال کی جاسکتی ہیں

[email protected]

 

کویت میں ہمارے نمائندے محمد عرفان شفیق سے بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے 

موبائل نمبر0096597519004

 

شیئر: