پاکستان، کویت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے
کویت(محمد عرفان شفیق) گزشتہ دنوں کویت کے دورے پر موجود چوہدری عبدالغفور مینجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور حافظ محمد شبیر ڈائریکٹر الحافظ گروپ و پاکستان بزنس سینٹر کویت نے سفیرپاکستان غلام دستگیر کے آفس میں ایک اہم ملاقات کی جس میں پاکستانیوں پر لگائی گئی ویزہ پابندی اور پاکستان کی نئی ایمبیسی بنانے کے بارے میں خصوصی طور پر بات چیت ہوئی۔ چوہدری عبدالغفور نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستانیوں پر ویزہ پابندی ہٹا دی جائے گی۔ غلام دستگیر نے واضح کیا کہ وزیراعظم نواز شریف کے دورہ کویت کے دوران ویزہ کے متعلق بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ویزہ کے متعلق کویت ایمبیسی سے رابطے میں ہیں اور عنقریب پاکستانیوں کو ویزے ملنا شروع ہو جائیں گے۔ حافظ محمد شبیر نے بھی کہا کہ پاکستانی جلد نئے ویزے کے ساتھ کویت کا دورہ کریں گے۔ بعدا زاں چوہدری عبدالغفور مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے حافظ محمد شبیرکو کویت میں پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا کوآردینیٹر منتخب کرنے کا اعلان کیا۔