Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنگ زدہ سوڈان میں پھنسے مزید 21 پاکستانیوں کی جدہ سے وطن واپسی

او پی ایف کے مطابق 930 سے زائد پاکستانی سوڈان سے وطن واپس پہنچ چکے ہیں (فوٹو: او پی ایف)
جنگ زدہ سوڈان میں پھنسے مزید 21 پاکستانیوں کو جدہ سے اسلام آباد پہنچایا گیا ہے۔
 15 اپریل کو سوڈان میں فوج اور مسلح ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے نیم فوجی گروپ کے درمیان تشدد کے اچانک پھوٹ پڑنے سے ایک انسانی بحران پیدا ہو گیا تھا۔
اتوار کو اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ’آج تک 930 سے زائد پھنسے ہوئے پاکستانی پاک فضائیہ کی خصوصی پروازوں کے ذریعے بحفاظت پاکستان پہنچ چکے ہیں۔‘
بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری کی ہدایت پر سوڈان سے وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کی سہولت کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سہولت ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر او پی ایف ایئرپورٹ فیسیلیٹیشن کاؤنٹرز کو بھی چوکس رہنے اور سوڈان سے وطن واپس بھیجے جانے والے سمندر پار پاکستانیوں کو ضروری مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔  پاکستان کے تمام ایر پورٹس پر اوپی ایف کے کاؤنٹر 24/7 کام کر رہے ہیں۔
 مزید کہا گیا کہ وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کو کھانے کی فراہمی کے ساتھ پاکستان میں ان کی منزل تک پہنچنے کے لیے ان کے اندرون ملک سفری اخراجات میں مدد کی جا رہی ہے۔  ہوائی اڈے سے ٹرین/بس ٹرمینل تک پہنچنے کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
’وزارت سمندر پار پاکستانیز اور ایچ آر ڈی اور اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری کی رہنمائی اور ہدایات کے تحت سوڈان سے پاکستانیوں کی اس وطن واپسی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہیں سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔  پاکستان میں ان کی اپنے آبائی شہروں میں محفوظ اور تیزی سے واپسی کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔‘

شیئر: