Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلاول بھٹو زرداری سے سعودی عرب میں پاکستان کے نامزد سفیر کی ملاقات

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے( فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے پیر کوسعودی عرب کےلیے پاکستان کے نامزد سفیر احمد فاروق نے ملاقات کی ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں‘۔
بلاول بھٹو زرداری نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔
انہوں نے نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے پاکستانی سفیر احمد فاروق کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
قبل ازیں سعودی عرب میں پاکستان کے نامزد سفیر احمد فاروق نے صدر عارف علوی، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر اور وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر سےملاقات کی تھی۔
ملاقات میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے‘۔
 ‘دونوں برادر ممالک کے باہمی فائدے کے لیے تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینا ہو گا۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔‘
 پاکستان کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے ملاقات میں کہا تھا کہ ’سفیر کی تعیناتی سے دونوں کے درمیان ممالک تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔‘

شیئر: