سعودی عرب میں قیام کینیڈا سے بہتر ہے: پاکستانی سفیر
’دونوں ممالک امت اسلامیہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کرتے ہیں‘ (فوٹو: سبق)
ریاض میں متعین پاکستانی سفیر امیر خرم راٹھور نے کہا ہے کہ کینیڈا کے مقابلے میں سعودی عرب میں قیام زیادہ پسندیدہ ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے سعودی ٹی وی کے ایک خصوصی پروگرام کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کینیڈا میں سفارتی خدمات انجام دیتے رہے ہیں اور اب سعودی عرب میں سفیر متعین ہیں۔
انہوں نے سعودی ثقافت اور تہذیب کو بے حد پسند کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سعودی شہری محبت کرنے والے لوگ ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں‘۔
’دونوں ممالک امت اسلامیہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کرتے ہیں‘۔
’دونوں ممالک کی کاوشوں کا عکس ہمیں او آئی سی کی صورت میں بھی نظر آتا ہے جہاں اسلامی مسائل کے حل کی کوششیں کی جاتی ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’دونوں ممالک کے تعلقات پاکستانی میں حکومتوں کی تبدیلی سے بہت بالاتر ہے‘۔
’یہ تعلقات دونوں ملکوں کے عوام کے دلوں میں بہت گہرے ہیں جبکہ 2019 میں ولی عہد کے دورہ پاکستان کے بعد اس میں مزید وسعت آئی ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب میں گالف کو پسند کیا جارہا ہے، یہ بہت اچھی بات ہے، میں بھی اپنے فارغ اوقات میں گالف کھیلتا ہوں، مطالعہ کرتا ہوں اور کبھی کبھار پسندیدہ کھانے پکاتا ہوں‘۔