Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اداکارہ مدیحہ امام کی شادی، ’شوہر انڈین ہیں نہ ہی فلم ساز‘

 اداکارہ مدیحہ امام نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنی شادی کا اعلان ک (فوٹو: انسٹاگرام)
رشتہ ازدواج میں بندھنے کی خبر ہو یا رشتہ ختم ہونے کی، پاکستانی فنکاروں کے مداح اُن کی ذاتی زنگی کے بارے میں جاننے میں خاصی دلچسپی رکھتے ہیں۔
گذشتہ دنوں جب اداکارہ مدیحہ امام نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنی شادی کا اعلان کیا تو اُن کی مداحوں نے مبارکباد تو خوب دی لیکن ساتھ ہی وہ اُن کے شوہر موجی بصر کے حوالے سے قیاس آرائیاں کرتے بھی نظر آئے۔
موجی بصر کے چہرے کے خدوخال کو دیکھنے سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر پاکستانی تو نہیں ہیں یہاں تک کہ سوشل میڈیا پر بھی یہ بحث دیکھنے میں آئی کہ موجی یا تو انڈین ہیں یا نیپالی ہیں۔
مدیحہ امام نے ایک تازہ انٹرویو میں اس بات کا انکشاف کیا کہ ان کے شوہر انڈین نہیں ہیں اور نہ ہی وہ فلم ساز ہیں لیکن انہوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کہ ان کا تعلق کہاں سے ہے۔
تاہم انٹرنیٹ پر موجود اطلاعات کے مطابق موجی بصر کا تعلق متحدہ عرب امارات سے ہے اور وہ بالی وڈ فلم کی پروڈکشن ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ شارٹ فلموں کے پروڈیوسر اور لکھاری بھی رہ چکے ہیں۔
مدیحہ امام کی شادی جہاں خوشی کی خبر تھی وہیں پاکستانی نژاد امریکی ہالی وڈ اداکار فاران طاہر اور پاکستانی اداکارہ زارا ترین کی علیحدگی کی خبروں نے شائقین کو اُداس کر دیا۔
زارا ترین کی علیحدگی کے حوالے سے وائرل ہونے والی خبروں میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ نومبر 2021 میں ہونے والی ان کی شادی کا اختتام ہوگیا ہے تاہم اس حوالے سے فاران طاہر اور زارا ترین کی جانب سے تاحال کوئی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
یہاں یہ ذکر بھی کرلیتے ہیں چار شادیوں کی ناکامی کے بعد پانچویں کرنے والی پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ نور بخاری کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
اداکار شان شاہد کی فیصل قریشی پر تنقید
اداکار شان سوشل میڈیا پر کافی ایکٹیو رہتے ہیں اور اکثر اُن کے بیانات اور تبصرے خبروں کی زینت بنتے ہیں۔
رواں ہفتے  انہوں نے سوشل پر توجہ اُس وقت حاصل کی جب عید الطفر پر ریلیز ہونے والی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کے ہدایتکار فیصل قریشی پر نام لیے بغیر سخت تنقید کی۔
اس تبصرے کے بعد نہ صرف سوشل میڈیا صارفین بلکہ اداکار مانی  اور شمعون عباسی سمیت دیگر نے شان پر جوابی وار کیا۔
یہاں تک کہ خود فیصل قریشی بھی میدان میں آئے اور شان کی تبصرے کا ’احترام کرتے ہوئے‘ انہیں فلم دیکھنے کا مشورہ دے دیا۔
معاملہ بڑھا تو شان نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے اس گرماگرمی کو کم کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے لکھا کہ ’ہمیں پاکستانی فلموں کو سپورٹ کرنا چاہیے، یہ ہماری اپنی ہیں اپنی کہانیوں کا ارتقا اور فلمیں بنانے کا یہ سلسلہ نہیں رُکنا چاہیے۔‘
فیصل قریشی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی گئی تھی جس کی کاسٹ میں فواد خان، میکال ذوالفقار اور وسیم اکرم سمیت بڑے بڑے نام شامل ہیں۔
فلموں کے حوالے سے مزید یہ بتائیں کہ ہدایت کار ابوعلیحہ نے اپنی نئی فلم ’ٹکسالی‘ کو رواں سال عیدالاضحیٰ پر ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس میں اداکارہ عائشہ عمر اور یاسر حسین مرکزی کردار کر رہے ہیں۔
فلم کی عکس بندی مکمل کرلی گئی ہے تاہم اس فلم کی دیگر کاسٹ میں اداکارہ مہر بانو، نئیر اعجاز، عفت عمر، افتخار ٹھاکر، بابر علی، عمر عالم اور شہریار چیمہ شامل ہیں۔
ابوعلیحہ فلم انڈسٹری میں دھوم مچانے کے لیے تیار ہیں کہ کیونکہ رواں ماہ ان کی دو فلمیں ریلیز ہونے جا رہی ہیں جن میں ایک ’سپر پنجابی‘ ہے جبکہ دوسری جاوید اقبال ہے جس کا نام حال ہی میں تبدیل کرکے ’ککڑی‘ رکھا گیا ہے۔
جلد ساتھ نظر آنے والی آن سکرین جوڑیاں
اداکار فیروز خان اپنے آنے والے ڈرامے ’اکھاڑہ‘ میں سونیا حسین کے ساتھ اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔

ابو علیحہ کی فلمیں’سپر پنجابی‘ اور ’ککڑی‘ رواں ماہ ریلیز ہوں گی (فوٹو: سکرین گریب)

یہ پراجیکٹ اس لیے اہم ہے کہ سابقہ اہلیہ سے تنازعے کے باعث فیروز خان کو مشکلات کا سامنا تھا۔ انہیں ڈرامہ ’سانول یار پیا‘ کو بھی چھوڑنا پڑا تھا کیونکہ ڈرامے میں موجود اداکارہ اقراء عزیز نے فیروز کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا تھا ساتھ ان کا ڈرامہ ’حبس‘ بھی متاثر ہوا تھا۔
دوسری جوڑی اداکار عمران عباس اور نیلم منیر کی ہے جو جلد ایک ساتھ نئے ڈرامے میں نظر آنے والے ہیں، اس کی ہدایت کاری سید رامش رضوی کریں گے۔
عمران عباس آخری بار ڈرامہ ’امانت‘ جبکہ نیلم منیر ڈرامہ ’پیار دیوانگی‘ میں نظر آئی تھیں۔
تیسری جوڑی اداکار وہاج علی اور عائزہ خان کی ہے جو ڈرامہ ’میں‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ اس ڈرامے کو زنجبیل عاصم شاہ نے لکھا ہے جبکہ اس کے ہدایت کار بدر محمود ہیں۔
وہاج علی ان دنوں کامیابی کی سیڑھیاں چڑھنے میں مصروف ہیں وہ ڈرامہ ’تیرے بن‘ میں مرتسم اور ’مجھے پیار ہوا تھا‘ میں سعد کے طور پر دلوں پر راج کر رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ خبریں بھی ہیں کہ انہوں نے سجل علی کے ساتھ ایک ویب سیریز اور مہوش حیات کے ساتھ ایک شارٹ فلم بھی سائن کی ہے۔
دنیا بھر اپنے گانے پسوڑی سے دھوم مچانے والے علی سیٹھی اور شے گل نے نیا گانا ریلیز کر دیا ہے۔
’لیفٹ رائٹ‘ گانے کی ہدایات فہد حسین نے دی ہیں جبکہ اس کی شاعری کو علی سیٹھی، شے گل، عبداللہ صدیقی اور مانو نے لکھا ہے جبکہ اس کی موسیقی بھی چاروں گلوکاروں نے مل کر ترتیب دی ہے۔

شیئر: