پی ٹی وی فلکس: کلاسک ڈرامے دیکھے جا سکیں گے
لانچنگ تقریب میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے شرکت کی (فوٹو: پی ٹی وی)
پاکستان ٹیلی ویژن نے پی ٹی وی فلکس کے نام سے ایپ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سنیچر کو پی ٹی وی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی وی فلکس کا باضابطہ آغاز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی رہنمائی میں کیا جا رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اقدام کا مقصد تیز رفتار سٹریمنگ کے میدان میں پی ٹی وی کو مسابقتی برتری فراہم کرنا ہے۔‘
پی ٹی وی کے مطابق اس ایپ کی بدولت کلاسک ڈراموں، سٹ کامز اور سیریلز کے علاوہ گوگل اور ایپل کی ایپلی کیشنز پر موجود مواد فراہم ہو گا۔
منصوبے کا آئیڈیا وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم نے پیش کیا تھا، وہ پی ٹی وی کی پرانی یادوں اور جدید ترین مواد کو سبسکرائبرز تک پہنچانے کے لیے ڈیجیٹل لائبریری کا قیام چاہتی تھیں۔
پی ٹی وی کے مطابق مریم اورنگزیب کے ویژن کے مطابق مینیجنگ ڈائریکٹر سہیل علی خان کی رہنمائی میں اقدامات کیے گئے اور منصوبے کو حتمی شکل دی گئی۔
خیال رہے پی ٹی وی اپنے فیملی ڈراموں کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور رہا ہے اور اس کے کلاسک ڈرامے جیسے ’تنہائیاں‘، ’ہوائیں‘، ’جانگلوس‘، ’الف نون‘ وغیرہ کو آج بھی لوگ یوٹیوب پر ڈھونڈ کر دیکھتے ہیں۔
اسی طرح ’نیلام گھر‘، ’سٹوڈیو ڈھائی‘، ’سلور جوبلی‘، ’ضیا محی الدین شو‘ وغیرہ بھی اپنے وقتوں میں بہت مقبول رہے۔
موسیقی کے پروگراموں کے معاملے میں بھی پی ٹی وی اچھے پروگرام پیش کرتا رہا ہے۔
اس ایپ کی بدولت اب دیکھنے والے براہ راست ان تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔