آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کے لیے سعودی وفد کی اسلام آباد آمد
مجلس شوریٰ کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ وفد کی سربراہی کر رہے ہیں۔ (فوٹو: قومی اسمبلی سیکریٹریٹ)
آئین کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے ہونے والی تقریبات میں شرکت کے لیے سعودی عرب کا پارلیمانی وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سعودی مجلس شوریٰ کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ پارلیمانی وفد کی سربراہی کر رہے ہیں۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر سعودی وفد کا استقبال کیا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے زیرِ انتظام آئین کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے 10 اور 11 مئی کو دو روزہ بین الاقوامی کنونشن پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا جس میں دیگر ممالک کے پارلیمانی وفود بھی شرکت کریں گے۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے بین الاقوامی کنونشن میں شرکت پر سعودی وفد کا شکریہ ادا کیا ہے۔
زاہد اکرم درانی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
سعودی عرب کے علاوہ ایران، تاجکستان، آذربائیجان، سری لنکا، کینیا، بیلجیم، شام اور لبنان کے پارلیمانی وفود بھی کنونشن میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
ایران کا پارلیمانی وفد سربراہ قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن ڈاکٹر وحید جلال کی سربراہی میں اسلام آباد پہنچا ہے جن کا ممبر قومی اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی نے استقبال کیا۔