سعودی سفیر کی پاکستانی ٹیم کو ون ڈے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد
سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ ’میں پاکستانی حکومت، کرکٹ ٹیم اور عوام کو اس کارنامے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں‘ (فائل فوٹو: سعودی سفارت خانہ)
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ون ڈے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارک باد دی ہے۔
سنیچر کو ایک ٹویٹ میں سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ ’میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت، کرکٹ ٹیم اور عوام کو آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں پاکستان اور پاکستانی عوام کی تمام شعبوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘
نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل چار فتوحات کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی کی ون ڈے کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئی۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے پہلی مرتبہ آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم آئی سی سی کی ٹیسٹ اور ٹی20 رینکنگ میں بھی پہلے نمبر پر رہ چکی ہے۔
پانچ مئی کو آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی ون ڈے کی نئی رینکنگ کے مطابق پاکستان نے 29 میچز میں 113 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
آسٹریلیا کی ٹیم نے 35 میچز میں 113 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے اور وہ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہے۔
انڈین ٹیم 47 میچز میں 113 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر کے تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔