قاہرہ۔۔۔۔سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے واضح کیا ہے کہ 3برس بعد ایک بیرل پٹرول کی قیمت 40ڈالر سعودی عرب کیلئے کافی ثابت ہوگی۔سی این این کے ماتحت ’’المال‘‘ویب سائٹ نے الجدعان کے حوالے سے یہ اطلاع دی کہ سعودی عرب تیل آمدنی پر انحصار کم کرتا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں قابل قدر پیشرفت ہورہی ہے۔ اگر 2020میں ایک بیرل پٹرول کی قیمت 40ڈالر بھی ہوتی ہے تو ہمارے لئے کافی ہوگی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اگر ایک بیرل پٹرول کی قیمت40، 45، 50یا 55ڈالر تک آجاتی ہے تب بھی پٹرول نرخوں میں کمی سے سعودی عرب متاثر نہیں ہوگا۔ ہم نے آئندہ 50برس کے دوران تیل پر مستقل انحصار کے خاتمے کا کامیاب منصوبہ تیار کرلیا ہے اور امید ہے کہ 2030تک ایک بیرل پٹرول کی قیمت 0تک بھی آجانے پر ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔